سینٹورس کے سامنے سرکاری اراضی پر قائم غیر قانونی پارکنگ کو ختم کر دیاگیا

Dec 06, 2019

اسلام آباد (وقائع نگار) سی ڈی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے اسلام آباد کے سینٹورس مال کے سامنے سرکاری اراضی پر بنائی گئی غیر قانونی پارکنگ کو ختم کر دیا۔ سینٹورس مال کے سامنے اس غیر قانونی پارکنگ کو ختم کر نے کے لیے سی ڈی اے کے ساتھ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ، اسلام آباد پولیس اور اسلام آباد ٹریفک پولیس نے معاونت کی جبکہ سینٹورس مال کی انتظامیہ کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ آئندہ سرکاری اراضی پر پارکنگ سے باز رہیں بصورت دیگر قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ قبل ازیں سی ڈی اے نے اس غیر قانونی پارکنگ کو ختم کر دیا تھا تاہم سینٹورس مال کی انتظامیہ نے ازخود دوبارہ خار دار تار کو توڑ کر پارکنگ کے طور پر استعمال کرنا شروع کر دیا تھا۔ آپریشن کے بعد سی ڈی اے کے متعلقہ شعبے نے دوبارہ خار دار تار لگانا شروع کر دی ہے۔دریں اثناء سی ڈی اے کے بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ نے جمعرات کے روز اسلام آباد کے سیکٹر F-7/1کی سٹریٹ نمبر35،مکان نمبر10 اور مکان نمبر3سٹریٹ نمبر30کو سربمہر کر دیا ہے۔ اسی طرح اسلام آباد کے سیکٹر F-7/2کے مکان نمبر45،سٹریٹ نمبر20 کو بھی سر بمہر کیا گیا ہے۔ ان تینوں مکانات کو رہائش کی بجائے تجارتی مقاصد کے لیے استعمال میں لایا جا رہا تھا اور ان مکانات میں گیسٹ ہاؤس چلائے جا رہے تھے جو کہ نان کنفرمنگ استعمال کے زمرے میں آتا ہے اور سی ڈی اے کے متعلقہ قوانین کی خلاف ورزی بھی ہے۔

مزیدخبریں