لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)36 ویں نیشنل جونیئر ہاکی چیمپئن شپ سوئی سدرن گیس، واپڈا، پنجاب اے اور کسٹمز کی ٹیموں نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ پہلے کوارٹر فائنل میں سوئی سدرن گیس نے نے پورٹ قاسم کو صفر کے مقابلے چار گول سے مات دی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے رضوان علی نے دو جبکہ عبدالمنان اور عدیل لطیف نے ایک ایک گول سکور کیا۔ دوسرے کوارٹر فائنل میں واپڈ نے کے پی کے اے کے خلاف صفر کے مقابلے میں ایک گول سے فتح سمیٹی۔ میچ کا واحد گول علی بہادر نے کیا۔ تیسرے کوارٹر فائنل میں پنجاب اے نے آرمی اے خلاف چار دو سے کامیابی حاصل کر کے اپ سیٹ کر دیا۔ پنجاب اے کی جانب سے ایم عثمان نے دو جبکہ عامر سہیل اور مرتضٰی یعقوب نے ایک ایک گول کیا جبکہ چوتھا اور آخری کوارٹر فائنل کسٹمز اور ماڑی پیٹرولیم کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں کسٹمز ٹیم نے سخت مقابلے کے بعد ماڑی پیٹرولیم ٹیم کو ایک کے مقابلے دو گول سے شکست دیکر ٹورنامنٹ سے آوٹ کر دیا۔ کسٹمز کی جانب سے دونوں گول سمیع نے پنلٹی کارنر پر کیے جبکہ ماڑی پیٹرولیم کا واحد گول ارشد لیاقت نے کیا۔آج آرام کے دن کے بعد دونوں سیمی فائنلزکل نیشنل ہاکی سٹیڈیم کی پچ نمبر دو پر ہی کھیلے جائیں گے۔