15ماہ سے جھوٹے ملک پر مسلط,شریف خاندان کے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کرسکے:مریم اورنگزیب

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کو پیغام اور چند معصومانہ سوالات کرتے ہوئے کہاہے کہ پندرہ ماہ سے عمران صاحب کی قیادت میں چالیس چور اور جھوٹے ملک پر مسلط ہیں،عمران صاحب کا مسلم لیگ (ن)، شریف خاندان، نواز شریف اور شہباز شریف کے خلاف کرپشن کا جھوٹا بیانیہ نیست و نابود ہو گیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ عمران صاحب اور ان کے چالیس چور مایوسی اور فر سٹریشن کا شکار ہیں ، کیونکہ شریف خاندان کے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکے ۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب کی مایوسی اور بوکھلاہٹ اس لئے ہے کیونکہ عوام اور عدالتوں میں جھوٹے ثابت ہو چکے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ عوام کی عدالت میں نواز شریف اور شہباز شریف والی خدمت اور کارکردگی کا بیانیہ نہیں بنا سکے۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم کو چیلنج ہے کہ کٹھ پتلیوں سے تماشہ رچانے کے بجائے پاکستان یا دنیا کی کسی بھی عدالت میں اپنے جھوٹ ثابت کریں۔ انہوںنے کہاکہ عمران صاحب اپنے جھوٹے مداریوں سے پوچھیں کہ شہباز شریف کے خلاف ثبوت سپریم کورٹ میں پیش کیوں نہیں کئے ؟۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب اپنے جھوٹے مداریوں سے پوچھیں کہ شہباز شریف کے خلاف اپیل سپریم کورٹ سے واپس کیوں لی؟ ۔انہوں نے کہاکہ عمران صاحب پی آئی ڈی سے عدالتوں میں جاتے جاتے بیان اور ثبوت بدل اور عدالتوں سے آپ بھاگ کیوں جاتے ہیں؟۔انہوں نے کہاکہ جھوٹے تصویری خاکے بنا کر اصل مسئلوں، اپنی ناکامی اور ناہلی سے توجہ ہٹانے کا سلسلہ پاناما جے آئی ٹی سے جاری ہے ۔انہوں نے کہاکہ جھوٹے الزامات اور تصویری خاکوں کی اصلیت کا پول سپریم کورٹ، ہائی کورٹ ، نیب کی عدالت اور جج ارشد ملک کی ویڈیو میں کھل چکا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اسحاق ڈار کے خلاف نیب کا جھوٹا تصویری خاکے برطانوی حکومت پہلے ہی ردی کی ٹوکری میں پھینک چکی ہے ۔انہوں نے کہاکہ عمران صاحب کرپشن کے تصویری خاکے سرکاری خرچ پر پریس کانفرنسوں سے سچے ثابت نہیں ہوتے ۔انہوں نے کہاکہ عمران صاحب کرپشن کے خلاف الزامات کے ثبوت پی آئی ڈی کی بجائے عدالتوں میں جمع کروانے ہوتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ عمران صاحب عوام کو ثبوت دیں کہ نواز شریف ، شہباز شریف اور شریف خاندان نے کس منصوبے سے کرپشن کا پیسہ بنایا؟۔انہوں نے کہاکہ عوام کو بتایا جائے کہ پندرہ ماہ میں لوٹی ہوئی کتنی رقم واپس آئی ہے ؟۔انہوں نے کہاکہ عوام کو بتائیں کہ آج تک شہباز شریف کے خلاف کوئی ایک بھی الزام عدالت میں سچ ثابت نہیں ہو سکا ؟۔انہوں نے کہاکہ عمران صاحب شریف خاندان کی خلاف جھوٹے تصویری خاکے بنائیں لیکن علیمہ باجی اور جہانگیر ترین کو دیے این آر او کا جواب تو دینا پڑے گا ۔انہوں نے کہاکہ عمران صاحب پندرہ ماہ میں تاریخی گیارہ ہزار ارب کا قرض لینے کی مجرمانہ نالائقی کا جواب تو دینا پڑے گا ۔انہوں نے کہاکہ عمران صاحب پندرہ ماہ میں ترقی کی شرح آدھی اور مہنگائی تین گنا بڑھانے کا جواب تو دینا پڑے گا۔عمران صاحب پندرہ ماہ میں عوام کی روٹی ، روزگار، کاروبار اور معیشت بند کرنے کا جواب تو دینا پڑے گا۔عمران صاحب پندرہ ماہ میں گیس اور بجلی کو دو سو گنا مہنگی کرنے کا جواب تو دینا پڑے گا ۔انہوںنے کہاکہ عمران صاحب گیس ، بجلی کے بلوں اور دوائیوں میں ڈاکے کا جواب تو دینا پڑے گا۔ انہوںنے کہاکہ عمران صاحب پندرہ ماہ میں سی پیک اور تمام ترقیاتی منصوبے بند کرنے جا جواب تو دینا پڑے گا۔انہوںنے کہاکہ عمران صاحب آپ اتنے نالائق ہیں کہ بیس سال کنٹینر اور چودہ ماہ حکومت میں رہ کر بھی یہ فیصلہ نہ کر سکے کہ مسلم لیگ ن ، شریف خاندان ، نواز شریف اور شہباز شریف پہ کتنی کرپشن کا جھوٹا الزام لگائیں؟۔انہوںنے کہاکہ عمران صاحب ہر بیان ، ہر پریس کانفرنس ، ہر تقریر ، ہر عدالت میں مختلف بیان؟۔انہوںنے کہاکہ عمران صاحب مایوس اور ناکام اِس لئے بھی ہیں کہ عوام کی عدالت میں جھوٹے ثابت ہوچکے ہیں۔انہوںنے کہاکہ عمران صاحب آپ اتنے نالائق ہیں کہ پارلیمان ، اپوزیشن اور میڈیا کی آواز بند کر کے بھی اپنی ، نالائقی اور نااہلی چھپا نہیں سکے۔

ای پیپر دی نیشن