وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ حکومت ملک میں روزگار کے مواقع پیداکرنے کیلئے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار میں سہولت فراہم کرے گی ۔انہوں نے جمعہ کے روز اسلام آباد میں وزیراعظم کامیاب جوان پروگرام کے تحت چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے اس پروگرام میں شفافیت انتہائی اہم ہے ۔انہوں نے کہاکہ مختصر عرصے میں دس سے پندرہ لاکھ نوجوانوں نے قرضوں کے حصول کیلئے درخواستیں دی ہیں جن میں سے ایک لاکھ نوے ہزار خواتین ہیں جس سے اس پروگرام کی کامیابی ظاہر ہوتی ہے ۔وزیراعظم نے کہاکہ تجارتی سرگرمیوں میں خواتین کی عملی شرکت ملک کیلئے نیک شگون ہے ۔وزیراعظم نے کہاکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے صنعتی ادارے بڑی تعداد میں لوگوں کو روز گار کے مواقع فراہم کرتے ہیں اوریہ ملک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردارادا کرتے ہیں۔انہوں نے ملک میں سیاحت کی صنعت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بے شمار خوبصورت اور دلکش مقامات سے مالا مال ملک ہے اور مقامی نوجوان ملکی اور غیرملکی سیاحوں کو راغب کرنے کیلئے سیاحت سے متعلق کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔عمران خان نے کہاکہ یہ صرف آغاز ہے اور مستقبل میں ایسے پروگراموں کے دائرہ کار کو وسعت دی جائے گی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امور نوجوانان کے بارے میں معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق کامیاب جوان پروگرام پر میرٹ کے مطابق عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام ضلعوں سے قرضوں کے حصول کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔عثمان ڈار نے کہا کہ نوجوانوں کو بالواسطہ یا بلاواسطہ طور پر کاروبار کیلئے قرضے فراہم کئے جائینگےانہوں نے کہا کہ قرضوں کے حصول میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے سے متعلق درخواستوں کو ترجیح دی جائے گی۔عثمان ڈار نے کہا کہ یہ قرضہ پروگرام کاروبار کے خواہش مند ان افراد کیلئے ہے جو ترقی کی صلاحیت رکھتے ہیں۔