لاہور(کامرس رپورٹر) کمشنر آفس آف لاہور ڈویژن اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری مل کر کاروباری برادری کو درپیش مسائل کو حل کرنے اور جدید معیاری تقاضوں کے مطابق لاہور کی ترقی کے لئے مل کر کام کریں گے۔یہ فیصلہ کمشنر لاہور ذوالفقار احمد گھمن اور صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میاں طارق مصباح، سینئر نائب صدر ناصر حمید خان اور نائب صدر طاہر منظور چودھری کے درمیان ہونے والی ایک ملاقات میں کیا گیا۔ ایل ڈی اے، میونسپل کارپوریشن، ٹی ای پی اے اور واسا سمیت دیگر سرکاری محکموں کے نمائندے بھی موجود تھے۔اس اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ لاہور چیمبر کے عہدیداران اور سرکاری محکموں کے نمائندے لاہور کی مارکیٹوں کے مشترکہ دورے کریں گے ۔لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر میاں طارق مصباح ، سینئر نائب صدر ناصر حمید خان اور نائب صدر طاہر منظور چودھری نے کہا کہ ان مارکیٹوں کی ترقی کا مطلب معیشت کی ترقی ہے کیونکہ بزنس کمیونٹی کی ایک بڑی تعدادانہی مارکیٹوں میں کاروبار کررہی ہے اور حکومت کے لئے ریوینیو کا ایک بہت بڑا ذریعہ ہے۔