نشتر کے 61 ڈاکٹرز، 22 نرسز، 10 پیرا میڈیکس کرونا سے متاثر ہوئے

ملتان (سپیشل رپورٹر )  نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں میں تشویشناک اضافے کے پیشِ نظر وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر احمد اعجاز مسعود کی سربراہی میں ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں پروفیسر ڈاکٹر غلام مصطفیٰ رجسٹرار نشتر میڈیکل یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر خالد قریشی، ایم ایس نشتر ہسپتال ڈاکٹر طارق سعید پیرزادہ، اے ایم ایس ڈاکٹر علی رضا، ڈاکٹر عرفان ارشد و دیگر نے شرکت کی،اجلاس میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے موجودہ اعداد و شمار، علاج معالجے کی سہولیات، طبی عملے کی کاوشوں اور قربانیوں سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،تازہ ترین صورت حال کے مطابق نشتر ہسپتال میں اس وقت گیارہ وارڈز کرونا وائرس کے مریضوں کے لئے مختص کیے جا چکے ہیں۔ جن میں بیڈز کی موجودہ استعداد 272 ہے جن میں سے 165 بیڈز مریضوں سے بھر چکے ہیں۔ نشتر ہسپتال میں چار وارڈز بطور کرونا آئی سی یو کام کر رہے ہیں جن میں بیڈز کی کل تعداد 94 ہے اور 36 بیڈز اس وقت خالی پڑے ہیں۔ آئی سی یوز میں وینٹی لیٹرز کی کل تعداد اس وقت 55 ہے جن میں سے 21 وینٹی لیٹرز اس وقت فری ہیں۔ طبی عملے میں اس وقت 61 ڈاکٹرز، 22 نرسز، 10 پیرا میڈیکس خدمات انجام دیتے ہوئے کرونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ نشتر ہسپتال میں اب تک 3163 مریض کرونا وائرس کے شبہ میں داخل ہوئے جن میں سے 1162 مریضوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی اور ہمارے طبی عملے کی بروقت تشخیص اور بہتر علاج معالجے کی سہولیات کی بدولت اب تک 768 مریض صحت یاب ہو کر ہسپتال سے ڈسچارج ہو چکے ہیں، وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر احمد اعجاز مسعود اور دیگر شرکاء  نے طبی عملہ جن میں ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل سٹاف اور انتظامی افسران شامل ہیں کی کاوشوں اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

ای پیپر دی نیشن