نیو یارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے پاکستان کے خلاف دہشت گردانہ اقدامات میں بھارت کے ملوث ہونے پر مبنی ڈوزیئر اقوام متحدہ (یو این) انڈر سیکرٹری برائے انسداد دہشت گردی کے حوالے کردیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے بھارت کے پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہونے کے نئے ثبوت پیش کیے تھے۔
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے بھی چند روز قبل کہا تھا کہ پاکستان دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونےکا ڈوزیئر میں ثبوت سامنے لایا، پاکستان بھارت کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہونے کے ثبوت بھی سامنے لایا، بھارتی ریاستی دہشت گردی کے ثبوتوں کو عالمی برادری نے بہت سنجیدہ لیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل برائے انسداد دہشت گردی ولادی میر ورون کوف سے 3 دسمبر کو ملاقات ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں پاکستان کے خلاف دہشت گردانہ اقدامات میں بھارت کے ملوث ہونے پر مبنی ڈوزیئر ان کے حوالے کیا گیا۔
منیر اکرم کا کہنا تھا کہ یو این انڈر سیکرٹری نے ڈوزیئر کا مطالعہ کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں کمی اور اقوام متحدہ کے چارٹر، سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مذاکرات سے معاملات حل کرنے پر زور دیا۔