کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کرشنگ سیزن شروع ہونے یا حکومتی کوششوں کا ثمر، اچھی خبر یہ ہے کہ کراچی کے ہول سیل بازار میں چینی کی فی کلو قیمت 74 روپے ہوگئی ہے۔ کراچی کے ہول سیلز جوڑیا بازار میں پہلے گنے کے کرشنگ سیزن میں فی کلو چینی 50 روپے کلو تھی۔ آج کل کرشنگ سیزن ہے اور بازار کا بھاؤ 74 روپے ہے۔ خریداری کے لیے آئے ایک ریٹیل بازار کے دکاندار نے 500 کلو چینی 37 ہزار روپے میں خریدی ہے۔ کرشنگ سیزن سے پہلے قیمت کا بڑھنا اور شروع ہونے کے بعد گرنا عموماً ہوتا ہے۔ لیکن چینی کا رواں سال عمومی نہیں تھا۔ ہول سیل میں چینی 100روپے سے بھی زیادہ تھی۔ آج 74 روپے ہوکر بھی گذشتہ سیزن سے 24 روپے کلو زیادہ ہے۔ قیمت درآمد سے کم ہوئی یا کرشنگ سیزن سے اس بات سے قطع نظر توجہ اس نکتے پر ہے کہ کم ہونے کے باوجود ہول سیل بازار میں پچھلے کرشنگ سیزن سے اب بھی چینی 50 فیصد مہنگی ہے۔