میجر اکرم شہید کا یوم شہادت منایا گیا‘ میجر شبیر شریف شہید کا آج منایا جائے گا

Dec 06, 2020

جہانیاں (آن لائن) پاک فوج کے ہیرو میجر محمد اکرم شہید نشان حیدر کا49واں یوم شہادت 5دسمبر بروزہفتہ منایا گیااس سلسلے میں جہانیاں سمیت مختلف شہروں میں منعقدہ تقریبات میں انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔میجر اکرم شہید 14اپریل1938ء کو جہلم کے علاقہ پنڈ دادن خان میںپیدا ہوئے ان کے والدملک سخی محمد بھی پاک فوج میں حوالدار تھے۔میجر محمد اکرم نے دسمبر 1971ء کی پاک بھارت جنگ کے دوران کوہلی کے محاذ پر تعیناتی کے دوران دشمن کے ٹینک تباہ کرکے ان کو بھاری نقصان پہنچایا ،میجر محمداکرم5دسمبر1971ء کو بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے وہ مشرقی پاکستان موجودہ بنگلا دیش میں مدفون ہیں انہیں پاکستان کے سب سے بڑے فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے ان کی یادگار پر پھول رکھے گئے۔ نشان حیدر اعزاز حاصل کرنے والے پاک فوج کے میجر شبیر شریف شہید کا 49 واں یوم شہادت 6 دسمبر اتوار کو منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا اور لاہور میں ان کے مزار پر فاتحہ خوانی اور پھولوں کی چادر چڑھائی جائے گی۔ میجر شبیر شریف شہید 3 دسمبر 1971ء کو بطور کمپنی کمانڈر فرنٹیئر فورس رجمنٹ ہیڈ سلیمانی کے محاذ پر تعینات تھے۔ اس دوران انہوں نے دشمن فوجیوں اور ٹینکوں کو بھاری نقصان پہنچایا اور 6 دسمبر 1871ء کو ملک و قوم کیلئے اپنی جان قربان کر دی۔ شہادت کے وقت ان کی عمر 28 برس تھی۔ ان کی ہمت اور بہادری کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انہیں سب سے بڑے ملٹری اعزاز نشان حیدر سے نوازا۔ میجر شبیر شریف شہید سابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کے بڑے بھائی تھے۔دریں اثناء پاک فوج نے شہید میجر شبیر شریف نشان حیدر کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق میجر شبیر شریف بہادری اور حب الوطنی کی علامت تھے۔ تعداد نہیں بلکہ مشکلات میں ایمان‘ عقیدت اور جرات ہے جو قوموں کو فتح دلاتی ہے۔ 1965ء اور 1971ء کی جنگوں میں شجاعت کے جوہر دکھانے پر میجر شبیر شریف شہید کو نشان حیدر سے نوازا گیا۔

مزیدخبریں