پاکستان پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم صاحب، ہمیں این آر او نہیں آپ کا استعفیٰ چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ مشرف ہمیں این آر او دینے والا کون تھا۔ ہم نے تو اس سے بھی استعفیٰ لیا۔ انہوں نے کہا وزیراعظم اور ان کے ترجمانوں کی بوکھلاہٹ بتا رہی ہے یہ جانے والے ہیں۔
وزیراعظم ڈیلیور کرنے میں ناکام ہوچکے اب ان کا صرف دھمکیوں پرگزارا ہے۔ قمرزمان کائرہ نے کہا وزیراعظم کی تقریر میں تکبر جھلکتا ہے یہی زوال کی بڑی نشانی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے نجی نیوز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے کرسی چھوڑنے پڑی تو چھوڑ دوں گا لیکن ملک سے غداری نہیں کروں گا اور کسی کو این آر او نہیں ملے گا۔
عمران خان نے کہا کہ جس دن سے ہماری پارلیمنٹ شروع ہوئی ہے، اپوزیشن ہمیں بولنے ہی نہیں دیتی، ان کو کوئی دلچپسی نہیں کہ ملک کے کیا ایشوز ہیں، صرف ایک ایشو ہے کہ عمران خان ان کو این آر او دے دے۔ جو انہوں نے چوری کی، اس سے بچا لے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن کا اتحاد یونین آف کروکس (Union of crooks) ہے۔ عمران خان نے کہا کہ تیس سال سے یہ دو جماعتیں اقتدار میں ہیں۔
پہلے انہوں نے گیارہ سال ایک دوسرے کو کرپٹ کہا۔ دو مرتبہ کرپشن پر فارغ ہوئے، پھر یہ جنرل مشرف نے انہیں این آر او دے دیا، نواز شریف کو سعودی عرب بھیج دیا، حدبیبہ پیپر کیس بڑا واضح تھا، اس کو بند کردیا۔