لاہور (نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ حکومت سیالکوٹ واقعہ میں سری لنکا کے ہلاک شہری کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ واقعہ کے بعد پولیس نے نہ صرف ملوث افراد کو گرفتار کیا بلکہ امن عامہ کی فضا کو بھی یقینی بنایا۔ اس کیس میں انصاف ہوتا ہوا نظرآئے گا۔ انسپکٹر جنرل پولیس کو ہدایت کی ہے کہ گرفتار افراد کے خلاف قانونی کارروائی جلد مکمل کی جائے۔انہوں نے کہا کہ جس طرح ہماری حکومت نے پنجاب میں دیگر ہائی پروفائل کیسوں کومنطقی انجام تک پہنچایاہے، انشاء اللہ اس کیس کو بھی منطقی انجام تک پہنچایاجائے گا۔ سیالکوٹ واقعہ انسانیت پر بدنما داغ ہے۔ واقعہ میں ملوث ملزمان قانون کے مطابق عبرتناک سزا کے مستحق ہیں۔ حکومت انصاف کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے ظالموں کو قرار واقعی سزا دلائے گی۔ وزیراعلیٰ نے الیکٹرانک میڈیا رپورٹرز ایسوسی ایشن (ایمرا) کے انتخابات میں کامیابی پر صدر محمد آصف بٹ، سیکرٹری سلیم شیخ اور دیگر عہدیداران کو مبارکباد دی ہے اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ نو منتخب عہدیداروان ایمرا کو مزید موثر پلیٹ فارم بنائیں گے۔ بزدار حکومت خصوصی افراد کیلئے میانوالی میں خصوصی کیفے کا قیام عمل میں لائی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر کمپلیکس میانوالی میں خصوصی افراد کا کیفے خوشحال بن گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کیفے خوشحال کو خصوصی افراد چلائیں گے۔ کیفے سے حاصل ہونے والی آمدن خصوصی افراد کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جائے گی۔ عثمان بزدار نے سندھی ثقافت کے دن پر سندھ کے عوام کو مبارکباد دی اور کہا کہ سندھ کی ثقافت کا شمار دنیا کی منفرد اور قدیم ثقافتوں میں ہوتا ہے۔