نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ، آئی این پی، صباح نیوز) بھارتی فوج نے مسافر بردار ٹرک پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 14 نہتے کان کن ہلاک ہوگئے۔ ریاست ناگالینڈ میں دردناک واقعہ پیش آیا۔ یہ واقعہ میانمار کی سرحد کے قریب پیش آیا۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے دیہاتیوں کی ہلاکتوں پر مقامی افراد میں اشتعال پھیل گیا اور لوگ احتجاج کے لیے نکل آئے۔ مظاہرین نے مودی کی ظالمانہ حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ جارحیت پسند بھارتی فوج نے ظلم کی انتہا کرتے ہوئے انصاف کے متلاشی مظاہرین پر بھی فائرنگ کردی جس سے درجنوں مظاہرین زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ضلع مون میں حالات مزید کشیدہ ہوگئے اور جگہ جگہ نفری تعینات کردی گئی اور علاقے میں تاحال کرفیو کا سماں ہے۔ گاؤں تیرو میں کوئلے کی کان میں کام کرنے والے کانکن ایک ٹرک میں سوار ہوکر اپنے گھر واپس جارہے تھے۔ کان کنوں کی نعشیں ملنے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی اور احتجاج شروع ہوگیا۔ مشتعل افراد نے کئی گاڑیوں کو آگ لگادی جس میں ایک فوجی گاڑی بھی شامل تھی۔ پرتشدد واقعات میں ایک فوجی بھی ہلاک ہوا ہے۔ ناگا لینڈ کے وزیر اعلیٰ نے تصدیق کی ہے کہ بھارتی فورسز نے کانکنوں کو مقامی گوریلا حریت پسند سمجھ کر ہلاک کیا ہے۔