کھاریانوالہ: ٹرک اور کار میں تصادم، 2 افراد جاں بحق، 7 شدید زخمی

Dec 06, 2021

کھاریانوالہ، شیخوپورہ (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) کھاریانوالہ کے قریب فیصل آباد روڈ بائی پاس پر فاروق آباد سے آنے والے ٹرک اورکار میں تصادم کے نتیجہ میں 2افراد جاں بحق 7 شدید زخمی ہوگئے۔ حادثہ میں 5خواتین اورکمسن بچے طاہر ہ بی بی، شہبان بی بی، بخت بی بی، عفت بی بی، 8سالہ منیب، محمد اشرف اور محمد یونس کو طبی امداد دیتے ہوئے ڈی ایچ کیو ہسپتال شیخوپورہ ایمرجنسی میں منتقل کر دیا گیا۔ ریسکیو اہلکاروں کے مطابق موقع پر جاں بحق شخص کی شناخت نہ ہو سکی جبکہ شدید زخمیوں میں سے مزید ایک مضروب ہسپتال میں زندگی کی بازی ہارگیا۔ بھکھی پولیس نے لوڈر ٹرک اور تباہ شدہ کار کو تحویل میں لے کرکارروائی شروع کر دی ہے۔ نعشوں کو ضروری کارروائی کیلئے مردہ خانہ منتقل کیا گیا ہے۔ ایس ایچ او بھکھی سلیم اخترنیاز ی کے مطابق افسوسناک حادثہ میں جاں بحق ہونیوالے ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں جو فیصل آباد کے رہائشی ہیں اور شادی کی تقریب میں شرکت کرنے جا رہے تھے۔

مزیدخبریں