راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدنقیب الرحمن نے کہا ہے کہ دینِ متین اسلام سراسر امن و سلامتی کا دین ہے جس میں انسانی جان، مال، خون اور آبرو کی حرمت ہے۔ ہمارے آقا و مولا ؐ عالمین کے لئے رحمت بن کر تشریف لائے اور انسانیت کے محسنِ اعظم ؐ ہیں۔ آپ ؐکی ارفع و اعلیٰ تعلیمات انسانیت کی فلاح و بقا کے لئے ہیں ، عبادات میں نماز برائی سے روکتی ہے اور سب سے بڑی برائی کسی کا دل دکھانا اور لوگوں کے درمیان فتنہ پیدا کرنا ہے اور کینہ، بغض، عناد، منافقت اور لوگوں کی عزتوں کو اچھالنا ایسے بد ترین افعال ہیں جو کسی طور پر بھی ایک مسلمان کے لائق نہیں۔حالیہ سانحہ سیالکوٹ نے اسلامیانِ پاکستان کے دل دکھ اور تکلیف سے چھلنی کر دیے ہیں اور سب سے بڑھ کر ایسے واقعات دینِ متین اسلام کے لئے بد نما داغ ہیں۔ شریعتِ مطہرہ کسی طور پر بھی کسی فرد کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز عید گاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیثِ پاک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا ۔ محفل سے علامہ صدیق الحسنین اور خواجہ وجاہت جمیل نے بھی خطاب کیا جبکہ نعت پاک کا نذرانہ حافظ محمد عامر اور محمد طاہر نے پیش کیا، اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی ، اتحاد بین المسلمین اور پوری دنیا سے کرونا وبا کے خاتمے کے لئے خصوصی دعا کی۔
سانحہ سیالکوٹ نے اسلامیانِ پاکستان کے دل چھلنی کر دیے، پیرنقیب الرحمن
Dec 06, 2021