کابل (این این آئی)امریکہ اور یورپ سمیت دیگر ممالک نے طالبان کے ہاتھوں افغان سکیورٹی فورسز کے سابق اہلکاروں کی مبینہ ہلاکتوں اور جبری گمشدگیوں کی مذمت کرتے ہوئے فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اتوار کو امریکہ، یورپی یونین، برطانیہ، آسٹریلیا، جاپان اور دیگر ممالک نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ہمیں ماورائے عدالت قتل اور جبری گمشدگیوں کی رپورٹس پر تشویش ہے۔ یہ بیان امریکی محکمہ خارجہ نے جاری کیا جس میں ماورائے عدالت قتل اور جبرہ گمشدگیوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم اس بات پر زور دیتے ہیں کہ مبینہ کارروائیاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں اور یہ طالبان کی جانب سے عام معافی کے اعلان کے برعکس ہے۔ان ممالک نے افغانستان کے نئے حکمرانوں سے مطالبہ کیا ہے کہ ’عام معافی کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے اور شفاف طریقے سے رپورٹ ہوئے کیسز کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔ ذمہ داروں کو جوابدہ ٹھہرانا چاہیے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ طالبان کو ان کے اقدامات کی بنیاد پر پرکھا جائے گا۔