فیصل آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات میاں فرخ حبیب کی تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے امیر صوفی مسعوداحمد صدیقی کے دربار پر حاضری دی۔امیر تنظیم مشائخ عظام پاکستان کی وفات پر ان کے بیٹے صاحبزادہ پیرشبیر احمد صدیقی سے اظہار تعزیت کی اور صوفی مسعوداحمد صدیقی کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ وزیر مملکت میاں فرخ حبیب نے صاحبزادہ پیر شبیر احمد صدیقی و دیگر مشائخ عظام سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ صوفی مسعوداحمد صدیقی کی وفات سے پیدا ہونے والا خلاء مدتوں پورا نہیں ہوسکتا۔ آپ نے دین اسلام کی سربلندی، پیغام درودوسلام، اصلاح معاشرہ، نوجوان نسل کے دلوں میں عشق مصطفی کی شمع روشن کرنے اور وطن عزیز پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے بے پناہ خدمات سرانجام دیں جو ہمیشہ یاد رکھی جائینگی۔