جمیکا (آئی این پی)دورہ پاکستان سے قبل ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو بڑا دھچکا لگا ہے ۔ویسٹ انڈین کپتان کیرون پولارڈ انجری کے باعث دورہ پاکستان سے باہر ہو گئے۔ویسٹ انڈیز کے وائٹ بال کپتان کیرون پولارڈ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے دوران ہونے والی ہیمسٹرنگ انجری سے مکمل چھٹکارا پانے میں ناکامی کے باعث پاکستان کے دورے سے باہر ہوگئے ہیں۔ ان کی غیر موجودگی میں نکولس پورن ٹی ٹونٹی سیریز میں ویسٹ انڈیز کی قیادت کریں گے جبکہ شائی ہوپ کو ون ڈے سیریز کے لیے کپتان کا خطاب دیا گیا ہے۔ون ڈے سیریز کے لیے کیرون پولارڈ کی جگہ تجربہ کار ڈیون تھامس کو شامل کیا گیا ہے جبکہ آل رانڈر روومین پاول پاکستان کے خلاف شیڈول ٹی ٹونٹی سیریز میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کریں گے۔ توقع ہے کہ کیرون پولارڈ ٹرینیڈاڈ میں ری ہیبلی ٹیشن کے عمل سے گزریں گے جہاں اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ آیا وہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف سیریز سے قبل فٹنس حاصل کرسکتے ہیں یا نہیں۔ویسٹ انڈیز کی ٹیم تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچز کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی، جو 13 دسمبر سے 22 دسمبر تک نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔