سرجانی میں لینڈمافیا آکٹوپس کی صورت اختیار کرگیا

اچی (سٹی نیوز) سرجانی میں لینڈمافیا آکٹوپس کی صورت اختیار کرگیا، کوئی روکنے ٹوکنے والانہیں ہے، غریب اور سادہ لوح مکینوں کے پلاٹوں اور مکانوں پر بلاروک ٹوک قبضے جاری ہیں، متاثرین کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دے کر بھگادیاجاتاہے۔ تفصیلات کے مطابق عبدالرحیم گوٹھ سرجانی میں پلاٹ نمبر 418پر رہائش پذیر محمدبخش ولد شیدی نے حکام بالا کو درخواست دی ہے کہ مذکورہ زمین پر آبائواجداد برطانیہ کے دورسے رہائش پذیر ہیں اور یہ میراذاتی پلاٹ ہے جس کے کاغذات بھی میرے پاس موجود ہیں، لیکن فیض محمد، عبدالرحمان ،مہرو،احمد سمیت چند نامعلوم قبضہ مافیاکے لوگوں نے قبضہ کرکے تعمیرات شروع کردی ہیں ۔جب میرے علم میں آیاتو میں پلاٹ پر گیاجہاں تعمیراتی کام چل رہاتھا،میرے پوچھنے پر الٹامجھے گالیاں اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے ہوئے کہاکہ آئندہ نظر آئے تو اچھانہیں ہوگا۔محمدبخش نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہاہے کہ میں نے آئی جی، ڈی آئی جی، اے آئی جی، سی سی پی او،ایس ایس پی اور دیگر پولیس حکام سمیت دیگر متعلقہ افسران کو درخواست بھی دی ہے لیکن ابھی تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی بلکہ لینڈمافیاکے لوگ تعمیرات میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہاکہ مجھے اور میرے خاندان کوجان کا خطرہ ہے ،میری اور کوئی ملکیت نہیں ہے ،بہت غریب ہوں۔سیکورٹی ادارے فوری نوٹس لیں اور میراپلاٹ واگزارکروائیں ۔انہوں نے بتایاکہ میں نے عدالت کو بھی درخواست دی ہے جس پر ایکشن لیتے ہوئے فوری ایف آئی آر کے اندراج کے احکامات جاری کئے گئے ہیں لیکن ایس ایچ اوتھانہ سرجانی ٹائون اسدالنبی نے ایف آئی آردرج کرنے کے بجائے حکمنامے کی توہین کرتے ہوئے بھگادیا۔ محمد بخش نے کہاکہ پولیس بھی مافیاکاساتھ دے رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ سرجانی میں لینڈمافیا نے پنجے گاڑھ رکھے ہیں ،لوگوں کے پلاٹوں اور مکانوں پر قبضے ہورہے ہیں ۔انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف جسٹس آف سندھ سے فوری ایکشن لینے کی درخواست کرتے ہوئے کہاکہ ہم غریب لوگوں کی نگاہیں اب صرف آزاد عدلیہ پر لگی ہیں ،کوئی اور ہماراپرسان حال نہیں ہے، عدلیہ ہماراساتھ دے اور سرجانی میں لینڈمافیاکے خاتمے میں اپناکرداراداکرے۔

ای پیپر دی نیشن