اسلام آباد (خصوصی نا مہ نگار/ فرحان علی) پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کو ڈائریکٹر جنرل جیو پولیٹیکل تعینات کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کو نئی سفارتی ذمہ داریا ں دے دی گئی ہیں۔ انہیں فارن، کامن ویلتھ اور ڈویلپمنٹ آفس لندن میں ڈائریکٹر جنرل جیو پولیٹیکل (پولیٹیکل ڈائریکٹر) تعینات کر دیا گیا ہے۔ تعیناتی کا اعلان برطانوی سیکرٹری خارجہ جیمز کلورلی نے کیا۔ یہ عہدہ سیکرٹری آف سٹیٹ کے برابر ہے۔کرسچن ٹرنر دسمبر 2019 سے پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر کے طور پر فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ کرسچن ٹرنر جنوری2023ء کے وسط میں اپنے نئے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔ سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے برطانوی امداد کی فراہمی اور سترہ برس بعد انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد میں اہم کردار ادا کیا۔ برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے کہا کہ گزشتہ تین برس میری ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کے اہم ترین سال تھے۔ لندن میں اپنے نئے عہدے کی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے میں پاکستان کے مستقبل کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا۔