لاہور‘ پتوکی، رحیم یار خان، خان پور (اے پی پی + نامہ نگار+ کرائم رپورٹر) مختلف ٹریفک حادثات میں 3 افراد جاں بحق، 9 زخمی ہو گئے۔ پتوکی کہنہ بائی پاس کے قریب تیز رفتار منی ٹرک گرین بیلٹ سے ٹکرا گیا جس سے ڈرائیور شدید زخمی ہو گیا۔ جمبر موڑ کے قریب جہاں ٹرک کی موٹر سا ئیکل اور مسافر وین میں ٹکر ہوئی جس میں 20 سالہ طیب جاں بحق جبکہ 50سالہ عباس، 63سالہ قیوم اور 37سالہ عبدالجبار زخمی ہوئے۔ دریں اثناء ترجمان موٹروے پولیس سید عمران کے مطابق شدید دھند کے باعث موٹروے ایم۔ ٹو کو لاہور سے خانقاہ ڈوگراں تک، لاہور ملتان موٹروے ایم۔ تھری کو فیض پور سے درخانہ تک، موٹروے ایم ۔فور پنڈی بھٹیاں سے درخانہ، ایم۔ ون کو پشاور سے صوابی تک‘ لاہور سیالکوٹ موٹروے کو بند کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھند کے دوران فوگ لائٹس کا استعمال کر یں۔ تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔ تاہم غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ رحیم یارخان سے کرائم رپورٹر کے مطابق کراچی سے ملتان جانیوالی مسافرکوچ دھند کے باعث یوٹرن لینے والے ٹرالر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں مسافر کوچ کا ڈرائیور لیاقت پور کا رہائشی35سالہ طاہر دم توڑگیا جبکہ کار بے قابو ہوکر کوسٹر سے اترنے والی سواریوں پر چڑھ گئی جس کے نتیجہ میں 2کمسن بھائی سمیت 3بچے زخمی ہوگئے جن میں7سالہ ارم‘ 5سالہ علی رضا اور 8سالہ رفعت شامل تھے۔ جن پور سے نامہ نگار کے مطابق نجی کمپنی کی بس کا صادق آباد سے کراچی جاتے ہوئے دھند کے باعث ٹریلر سے تصادم ہو گیا جس کے نتیجے میں بس ڈرائیور عامر بخاری موقع پر جاں بحق ہو گیا۔ بستی کوتانی کا رہائشی عمران موٹر سائیکل پر وہوا آرہا تھا کہ گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج کے قریب تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی اس پر چڑھ دوڑی۔ بلدیہ کے تیزرفتار ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار کو ٹکر مار کر شدید زخمی کردیا۔