وکیل کو سزا کیخلاف ہڑتال،احتجاج،ہائیکورٹ کے باہر ہنگامہ، گیٹ توڑنے کی کو شش


لاہور؍ رحیم یار خان (سپیشل رپورٹر+ کرائم رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) ہائیکورٹ میں وکیل کو سزا دینے کے خلاف وکلا نے عدالت کے باہر احتجاج کیا۔ شدید نعرے لگائے اور گیٹ توڑنے کی کوشش کی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں وکیل کو سزا دینے کے خلاف وکلا کی ہڑتال جاری ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے باہر وکلا نے فیصلے کے خلاف شدید ہنگامہ آرائی کی۔ گیٹ توڑنے کی کوشش کی۔ جس کے بعد چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی عدالت کو جانے والے گیٹوں کو بند کر دیا گیا۔ وکلاء کی جانب سے سائلین کو لاہور ہائی کورٹ میں داخل نہیں ہونے دیا گیا۔ وکلا کا کہنا تھا کہ ممبر پنجاب بار کونسل کے خلاف سزا کا حکم واپس لیا جائے۔ پنجاب بار کی اپیل پر لاہور کی ماتحت عدالتوں میں بھی ہڑتال جاری رہی،  ہزاروں کیسز متاثر ہوئے۔ ممبر پنجاب بارکونسل نے کہا کہ جمعہ کے روز عدالت میں گاؤن نہ پہننے پر عدالت نے ایڈووکیٹ رانا آصف کی سرزنش کی تھی، جس پر وکیل نے فاضل جج سے نامناسب رویہ اختیار کیا۔ پنجاب بار کونسل نے واضح کیا ہے کہ ممبر پنجاب بار کونسل رانا محمد آصف کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ختم نہیں کی جاتی تب تک جسٹس شہزاد احمد خان کی عدالت کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔ پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین جعفر طیار کی سربراہی میں اجلاس  ہوا جس میں چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی محمد فاروق کھوکھر، ممبران کی کثیر تعداد سمیت وکلاء نے بھاری تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ لاہور ہائی کورٹ میں رانا محمد آصف ایڈووکیٹ کو غیر قانونی اور غیر آئینی طور پر توہین عدالت کی سزا سنائی گئی۔  فاضل جج صاحب نے رانا محمد آصف کو  نوٹس اور نہ ہی صفائی کا موقع دیا گیا۔ یہ عمل انصاف کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہے اور آرٹیکل اے۔10 کے مجوزہ اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔ جس کی پنجاب بار کونسل کے ممبران نے شدید الفاظ میں مذمت کی۔ گذشتہ روز سارا دن وکلاء ہائی کورٹ کے احاطہ میں احتجاج کرتے رہے ہیں۔ اس سلسلہ میںآج بروز منگل کو پنجاب بھر میں مکمل ہڑتال کا اعلان کیا جاتا ہے اور وکلاء بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں گے اور کل  بروز بدھ پنجاب بھر میں اس سلسلہ میں ریلیاں نکالنے کا اعلان کیا جاتا ہے اور مسٹر جسٹس ملک شہزاد احمد خاں کی عدالت کا عدالتی وسوشل بائیکاٹ کیا جائے گا۔ وکلاء سے گزارش ہے کہ بطور احتجاج عدالتوں میں پیش نہ ہوں۔ صدر لاہور بار ایسوسی ایشن رائو سمیع اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل فاروق کھوکھر نے عدالتی حکم واپس نہ لینے پر آج ہائیکورٹ کے مرکزی دروازوں پر تالے لگانے کا اعلان کردیا،  لاہور ہائیکورٹ کے احاطہ میں کابینہ لاہور بار، پنجاب بار کونسل اور لاہور ہائیکورٹ بار  کا ہنگامی اجلاس کریں گے، جس کے بعد لاہور ہائیکورٹ سے ایوان عدل تک ریلی نکالی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن