ملک بحرانوں کا شکار،آئی ایم ایف دباﺅ، اندازہ نہیں تھا اتنی مشکلات آئیں گی: فضل الرحمن

Dec 06, 2022


پشاور (نوائے وقت رپورٹ) جمعیت علمائے اسلام (ف) اور پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ کوئی شک نہیں پاکستان کو اس وقت بڑے بحرانوں کا سامنا ہے، ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ اتنی مشکلات آئیں گی۔ معیشت کو گزشتہ 4 سالوں میں زمین بوس کیا گیا، معیشت کو دوبارہ پاو¿ں پر کھڑا کرنا ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔ پشاور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کو کشمیر میں بھارتی مظالم نظر نہیں آتے، دنیا کی کسی طاقت کو بھی پاکستان کی داخلی خود مختاری پر دباو¿ ڈالنے کا کوئی حق نہیں، امریکہ کی لونڈی آئی ایم ایف پاکستان پر دبا¶ ڈال رہا ہے۔ پی ڈی ایم کے سربراہ نے مزید کہا کہ ہم دنیا کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات چاہتے ہیں۔ آقا اور غلام کی نسبت سے ہمیں انکار ہے، ہم نے پاکستان کے مفادات کو سامنے رکھ کر خارجہ پالیسی بنانی ہے، کسی طرح بھی اپنی معاشی خود مختاری پر سودا نہیں کریں گے۔ اس وقت خیبرپختونخوا دیوالیہ ہوچکا ہے، اپنی 10 سالہ ناکامی کو چھپانے کے لیے اسمبلیاں تحلیل کرنے کی باتیں کر رہے ہیں۔ جمعیت علماءاسلام اب خیبرپختونخوا کا مستقبل ہے۔ کارکنان عوام میں جا کر رابطے بڑھائیں، ہم صوبے کو اس بحران سے نکالیں گے۔ عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہر فیصلہ کرنے پر اس نے کہا غلطی ہوئی، اس کی غلطیوں کا پلندہ ہے، اگر سارا اختیار ہی باجوہ کے پاس تھا تو آپ پھر کس بات کی بلا ہو، یہ پاکستان کی سیاست کا غیر ضروری عنصر ہے۔ اپوزیشن کہہ رہی ہے کہ ہم سے مذاکرات کرو ورنہ، ہم 16 دسمبر کی تاریخ کو جانتے ہیں جو نیازی سے منسوب ہے، آج ملک میں قومی حکومت ہے جس نے ملک کو مشکلات سے نکالنا ہے۔
فضل الرحمن 

مزیدخبریں