احسان پور(نمائندہ نوائے وقت)موسم مزید سرد، مچھلیوں اور جھینگوں کی قیمتوں میں 50 فیصد تک اضافہ ،مچھلی مارکیٹ صادق آبادا ور رحیم یارخان میں قیمت 500روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے، بیوپاریوں کے مطابق ڈیزل اور استعمال کی دیگر اشیا کی قیمتوں میں اضافے کے باعث مچھلی کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہو گیا ہے، شکار کے لئے جانے والی کشتیوں اور ہوڑوں میں ڈیزل کے علاوہ راشن بھی بھرا جاتا ہے، جبکہ ان تمام اشیا کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں،مارکیٹ سروے کے مطابق دسمبر شروع ہوتے ہی ہیرا مچھلی 1000 روپے کلو ،کالا پاپلیٹ 1200، مشکا 1100، سفید پاپلیٹ 800، جھینگ، ٹونا 550، سارم 600، ککڑ 550، کنگا 650، دھندیا600 اور بھانگڑا مچھلی 350 روپے کلو فروخت کی جا رہی ہے ،سردی کی شدت بڑھنے پر قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے، ٹھیلوں اور پتھاروں پر تلی مچھلی فروخت کرنے والوں نے بھی نرخ دگنے کر دئیے ہیں، کچی آبادیوں میں 200 سے زائد اسٹالز لگتے ہیں لیکن شہر میں مضر صحت مچھلیوں کی چیکنگ اور فروخت روکنے کا کوئی نظام نہیں ہے۔