لاہور(خصوصی نامہ نگار) حوزہ علمیہ جامعہ عروة الوثقیٰ لاہور میں”ہنرستان رشد“سائنس کالج کا افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں قومی ترقی میں سائنس و ٹیکنالوجی کے کردار کے عنوان سے کانفرنس کا بھی انعقاد ہوا جس میں ملک بھر سے ہزاروں پروفیشنلز طلاب، اساتید، ڈاکٹرز اور انجینئرز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے دانشوروں نے شرکت کی۔ تحریک بیداری امت مصطفیٰ، جامعہ عروة الوثقیٰ اور مجمع المدارس تعلیم الکتاب والحکمہ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جامعہ عروة الوثقیٰ اپنے آغاز سے ہی اپنے علمی، دینی، سماجی اور قومی فرائض سر انجام دے رہا ہے اور اب یہ ادارہ ایک اور تعلیمی انقلاب کی بنیاد بن رہا ہے جہاں دینی مدارس کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرکے نظام تعلیم میں جدت لائی گئی اور ہنرستان رشد سائنس کالج کے افتتاح کے ساتھ ہی پیشہ وارانہ تعلیم و تربیت بھی ملحقہ دینی مدارس میں لازمی قرار دی گئی ہے۔