لاہور(خصوصی نامہ نگار)تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی سے 3 سال بعد فورتھ شیڈول اٹھا دیا گیا۔ جماعت رضائے مصطفیٰ پاکستان صاحبزادہ محمد داﺅد رضوی ، امیر شبابِ امت پاکستان علامہ غفران محمود سیالوی، امیر تحریک لبیک اسلام صاحبزادہ پیر محمد امین اللہ نبیل سیالوی، سجادہ نشین سواگ شریف خواجہ محمد افتخار الحسن سواگی، سجادہ نشین خانقاہ طاہریہ پیر سید اختر حسین شاہ، سجادہ نشین کوٹلہ شریف ڈاکٹر میاں محمد صغیر احمد مجددی ، جامع الفردوس کے مہتمم مفتی محمد بشیر احمد فردوسی سمیت ملک بھر سے اور بیرون املاک سے ہزاروں لوگوں نے ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی کو مبارک باد دی۔ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی کے والد گرامی الحاج صوفی غلام سرور گوندل جلالی نےشدید علالت کے باوجود حافظ الحدیث چوک بھکھی شریف میں اظہارِ خوشی کرتے ہوئے لوگوں میں مٹھائی تقسیم کی اور کہا: علم اور دلیل کے میدان میں میرے بیٹے کا مقابلہ نہ کر سکنے والوں نے میرے بیٹے کے خلاف سازشیں کیں۔ اللہ تعالیٰ نے حضرت محمد کے طفیل حق کا بول بالا کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اندھیرے کبھی بھی اجالوں کا راستہ نہیں روک سکتے۔ اہل حق نے ہر دور میں کلمہ حق کی پاداش میں صعوبتوں کو برداشت کیا ہے۔ 4 ماہ تک کوٹ لکھپت جیل میں اسیری اور 3 سال کا فورتھ شیڈول عقائد اہل سنت کے تحفظ کیلئے معمولی سی خدمت ہے۔
ناموس رسالت ، ناموس اہل بیت اطہار رضی اللہ عنہم، عظمت صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کیلئے کسی بڑی سے بڑی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔ دریں اثناءپیر سید عبد الشکور شاہ، مفتی محمد نسیم سیالوی اور علامہ محمد خلیل احمد مہروی کی قیادت میں شمالی لاہور کے علمائے کرام نے مرکز صراط مستقیم میں تشریف لا کر ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی کو مبارک باد دی اور خراجِ تحسین پیش کیا۔