بلیم گیم کے بجائے عوام کو  ریلیف دینے کا سوچا جائے

Dec 06, 2022


وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ عمران خان کا حالیہ بیان پارلیمانی جمہوری نظام پر حملوں کا تسلسل ہے۔ انہوں نے اپنے ٹویٹر پیغام میں لکھا ہے کہ عمران خان کی سیاست کا مقصد فقط اقتدار کا حصول ہے۔ چاہے اس سے ملک کو جو بھی نقصان پہنچے۔ 
یہ حقیقت ہے کہ ہر سیاسی جماعت کا مطمح نظر اقتدار کا حصول ہی ہوتا ہے جسے پانے کیلئے ملک و قوم کے مفاد کو بھی نظرانداز کر دیا جاتا ہے۔ بدقسمتی سے گزشتہ کئی برس سے سیاست دانوں کی آپس کی چپقلش اور الزام تراشی کی سیاست کے باعث عوامی مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی جس کی وجہ سے وہ اپنے بنیادی حقوق سے بھی محروم ہو چکے ہیں۔ بے شک پی ٹی آئی کی ناقص پالیسیوں سے ملک کو بہت نقصان پہنچا ہے اور عالمی سطح پر تنہائی کا شکار بھی نظر آرہا ہے۔ اقتدار چھن جانے کے بعد تو پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے ملک بھر میں افراتفری کی سیاست شروع کرکے رہی سہی کسر بھی پوری کر دی۔ اس وقت ملک سنگین بحرانوں سے دوچار ہے‘ معیشت مزید خرابی کی طرف جا رہی ہے اور ملک کے دیوالیہ ہونے کی خوفناک خبریں سنائی جارہی ہیں جس سے پوری قوم میں مایوسی پھیلنا فطری امر ہے۔ اتحادی حکومت کو اقتدار میں آئے آٹھ ماہ گزر چکے ہیں‘ افسوسناک امر یہ ہے کہ اسکی طرف سے جس عزم کا اظہار کیا گیا تھا اسکے تحت ابھی تک عوام کو کسی قسم کا ریلیف نہیں دیا گیا۔ مہنگائی نے عوام کا جینا مشکل کر دیا ہے‘ مہنگائی میں کمی کے بجائے روزافزوں اضافہ ہو رہا ہے جس کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی۔ اگر انتخابات میں جانا ہے تو ماضی پر ماتم کرنے اور ایک دوسرے کو موردِالزام ٹھہرانے کے بجائے عوام کی مشکلات کم کرنے کا سوچا جائے، بحرانوں سے نکلنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیںاور مہنگائی کے جن کا قابو کرکے عوام کو حقیقی ریلیف دیا جائے تاکہ ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام آسکے۔ 

مزیدخبریں