راولپنڈی  ٹیسٹ انگلینڈ کے نام ، پاکستان کو 74 رنز شکست 

Dec 06, 2022

اسلام آباد (ا سپورٹس رپورٹر) راولپنڈی ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 74 رنز سے شکست دے کر 3 میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔راولپنڈی سٹیڈیم میں جاری ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز 343 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری 268 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔ میچ کے پانچویں روز پاکستان کا کوئی بھی بیٹر خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔ٹیسٹ میچ کے آخری روز پہلی اننگز کے اوپنر سنچری میکر امام الحق زیادہ رنز نہ بنا سکے اور 48 سکور بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 46 رنز بنا پائے، ٹیسٹ ڈیبیو میں نصف سنچری بنانے والے سعود شکیل 76 کے سکور پر روبینسن کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے۔آغا سلمان 30 ، اظہر علی 40 رنز، زاہد محمود ایک رن اور حارث رؤف صفر ، نسیم شاہ 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ انگلینڈ کی جانب جیمز اینڈرسن اور اولی روبنسن نے 4،4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ بین سٹوک اور لیچ  ایک ایک ہی وکٹ لے پائے۔پاکستان نے راولپنڈی ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 80 رنز بنائے تھے اور آخری دن پاکستان کو فتح کے لیے مزید 263 رنز درکار تھے جبکہ اس کی 8 وکٹیں باقی تھیں۔میچ کے چوتھے روز چائے کے وقفے پر انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز 264 رنز پر ڈکلیئر کر دی تھی جبکہ اس کی 3 وکٹیں ابھی باقی تھیں، انگلینڈ کو مجموعی طور 342 رنز کی برتری حاصل ہو گئی تھی۔پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم نے جب 343 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو آغاز اچھا ثابت نہیں ہوا کیونکہ عبداللہ شفیق صرف 6 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، انہیں روبنسن نے آئوٹ کیا تھا، اسی اوور میں آنیوالے بلے باز اظہر علی ہاتھ پر گیند لگنے کے باعث زخمی ہو گئے جس پر انہیں پویلین لوٹنا پڑا جبکہ کپتان بابرا عظم صرف 4 رنز کا اضافہ کر کے میدان سے  باہر چلے گئے، انہیں بین اسٹوکس نے پویلین کی راہ دکھائی۔انگلینڈ کی دوسری اننگز میں ہیری بروک 87 اور جیک کرالی 50 رنز کے ساتھ نمایاں  بلے باز رہے تھے جبکہ پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ، محمد علی اور زاہد محمود نے 2، 2 وکٹیں حاصل کی تھیں اور ایک وکٹ سلمان آغا کے حصے میں آئی تھی۔میچ کے تیسرے روز پاکستانی کے اوپنرز عبداللہ شفیق اور امام الحق اور کپتان بابر اعظم نے سنچریاں سکور کیں، امام الحق نے 121 اور عبداللہ شفیق نے 114 رنز بنائے جبکہ دیگر میں اظہر علی 27، سعود شکیل 37، بابراعظم 136، محمد رضوان 29 اور نسیم شاہ نے 15 رنز بنائے۔انگلینڈ کے وِل جیکس نے عبداللہ شفیق کو 114 رنز پر آؤٹ کر کے اپنی پہلی ٹیسٹ وکٹ لی۔ کھانے کے وقفے تک پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 298 رنز بنائے تھے۔ وقفے کے بعد ٹیسٹ میں پاکستانی کھلاڑی سعود شکیل نے ڈیبیو کیا۔ پاکستان نے پہلی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 499 رنز بنائے تھے۔ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز انگلینڈ کی ٹیم نے کھیل کا آغاز 506 رنز 4 وکٹوں کے نقصان کے ساتھ کیا۔ مہمان ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس 41 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ لیام لیونگ اسٹون صرف 9 رنز ہی بنا سکے تاہم ہیری بروکس نے 153 رنز کی بہترین اننگز کھیلی۔ دیگر کھلاڑیوں میں ول جیکس 30، اولی روبنسن 37 اور جیک لیچ نے 6 رنز بنائے۔ دوسرے روز  انگلینڈ کی ٹیم نے 26 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے تھے جبکہ قومی باؤلرز زاہد محمود 4، نسیم شاہ 3، محمد علی 2 جبکہ حارث رؤف نے ایک وکٹ لی تھی۔ راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے روز انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مہمان ٹیم کے اوپنرز نے جم کر کھیلا اور دھواں دھار بیٹنگ کی۔ زیک کرالی اور بین ڈکٹ نے مجموعی طور پر 233 رنز بنائے تھے۔ اس کے علاوہ اولی پوپ 108، جو روٹ 23 رنز بناکر نمایاں رہے۔راولپنڈی ٹیسٹ میں کئی ایک ریکارڈز بھی بنے۔ اس ٹیسٹ میچ کے دوران ایک اننگز میں 7 سنچریاں بنیں۔پاکستانی کپتان بابر اعظم اور بیٹر اوپنرز امام الحق اور عبداللہ شفیق نے سنچری بنائی جبکہ راولپنڈی ٹیسٹ میں 4 اوپنرز نے سنچری بنانے کا بھی منفرد اعزاز حاصل کیا، انگلینڈ کے دونوں اوپنرز نے بھی سنچری بنائی تھی۔واضح رہے انگلش ٹیم نے 22سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ میچ میں کامیابی حاصل کی۔

مزیدخبریں