کراچی(نیوز رپورٹر)آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا)میٹرک بورڈ کراچی یونٹ اور بورڈ ملازمین کی جانب سے سندھ ثقافت ڈے کی ایک پر وقار تقریب بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی میں منعقد ہوئی جس میں افسران و بورڈ ملازمین کثیر تعداد میں شریک ہوئے جو سندھی اجرک و ٹوپی پہنے ہوئے،ہاتھوں میں پاکستان کا قومی پرچم کوفضا میں لہراتے ہوئے سندھ و پاکستان کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کررہے تھے۔ اس موقع پر سید شرف علی شاہ چیئرمین میٹرک بورڈ کراچی نے اپنا خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کے تمام شہری سندھ و پاکستان کی ترقی کے لیے اپنااپنا بھرپور کردار ادا کریں اور اپنے حصہ کے تمام کاموں کو محنت اور ایمانداری کے ساتھ ادا کریں، سندھی اجرک و ٹوپی نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں سندھ کی خوبصورت شناخت بن چکی ہے اور بین الاقوامی سطح پر عالمی شہرت حاصل کرچکی ہے، سندھ کے بیثتر اضلاع بارشوں اور سیلاب سے شدید متاثر ہوئے ہیں مخیر حضرات سماجی تنظیمیں دل کھول کر متاثرین کی ا مداد جاری رکھیں اور ان کی بحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ ایپکا میٹرک بورڈکراچی کے صدر عبدالوہاب لاکھو نے کہا کہ سندھی ثقافت ڈے منانے کے لیے تمام پاکستانی اس تقریب میں شامل ہیں جو یقینا خوش آئند بات ہے اللہ تعالی تمام پاکستانیوں کی محبتوں کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے۔ آمین۔ انہوں تقریب کو کامیاب بنانے پر ملازمین کے جوش و جذبہ کو سراہااور تقریب کے اتنے اچھے انتظامات کرنے پر ایپکا کے ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا۔
شرف علی