کراچی(نیوز رپورٹر)پولیس نے 29 سالہ فیکٹری ملازم کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، متاثرہ نوجوان کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں پولیس گردی کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا ، جہاں ڈسٹرکٹ ویسٹ میں 29 سالہ فیکٹری ملازم کو بے لگام پولیس اہلکاروں نے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔متاثرہ نوجوان وحید حسین کو تشویشناک حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔اہل خانہ نے بتایا کہ دو روز قبل اورنگی کے علاقے رئیس امروہی میں رات گئے اہلکاروں نے گھر سے وحید کو حراست میں لیا۔اہل خانہ نے بتایاکہ کمپنی کے باہرڈکیتی ہوئی تھی پولیس نے شبہ میں وحیدکو حراست میں لیا اور 24گھنٹے تک پوچھ گچھ کی تشدد کا نشانہ بنایا اور چھوڑ دیا۔اہل خانہ نے بتایا کہ وحید کے جسم کے مختلف حصوں پرتشدد کے نشانات ہیں۔دوسری جانب پولیس کی جانب سے بیان میں کہا گیاہے کہ ہمارے پاس اقبال مارکیٹ تھانے میں وحید کوحراست میں لینے کی کوئی انٹری نہیں، ممکنہ طور پرپولیس کے کسی اور سیل نے تفتیش کیلئے حراست میں لیا ہوگا۔پولیس حکام کے مطابق معاملے کے حوالے سے مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔
کمپنی کے باہرڈکیتی ہوئی‘ پولیس نے شبہ میں ملازم وحیدکو حراست میں لے لیا ‘ ایک روز بعد چھوڑ ا توجسم پرتشدد کے نشانات تھے
Dec 06, 2022