شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام ہوگا تو ملکی معیشت اور امن و امان بھی عدم استحکام کا شکار ہوجائے گاوفاقی حکومت نے انتھک جدوجہد کے بعد ملک کی معاشی حالت بہتر کی ہے جسے برقرار رکھنے کیلئے ضروری ہے کہ سیاسی انارکی برپا کرنے سے گریز برتا جائے ملک کوانتشار کی آگ میں جھونکا کسی مذموم سازش سے کم نہیں، اپنے ایک بیان میں محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا کہ آئین میں درج وجوہات کے بغیر اسمبلیاں توڑناپارلیمان، جمہوریت اور آئین کی توہین ہے، پنجاب اور کے پی کے کی حکومتیں تحلیل کرنے کی کوشش کی گئی تو دونوں صوبوں میں گورنر راج یا تحریک عدم اعتماد لانے کا اقدام واضح ہے، حکومتیں تحلیل ہونے کی صورت میں دو صوبوں میں فوری الیکشن یا عام انتخابات تک ان انتخابات کو موخر کرنے سمیت تمام آپشنز وفاقی حکومت کے پاس موجود ہیں حکومت کوئی غیر آئینی اقدام نہیں اٹھائے گی، انہوں نے کہا کہ غربت و بے روزگاری کے خاتمہ کیلئے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات کے باعث ملک بھر کے عوام کو بھرپور ریلیف حاصل ہورہا ہے عوامی خدمت ہی حکومت کی اولین ترجیح ہے جس سے دستبردار نہیں ہوا جاسکتا حکومت اپنی آئینی مدت پوری ہونے تک اپنے فرائض انجام دیتی رہے گی۔