لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلی محسن نقوی کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کے 33 ویں اجلاس میں ڈرائیونگ لائسنس کی فیس میں اضافے کی منظوری دی گئی جس کا اطلاق یکم جنوری سے ہوگا۔ یکم جنوری سے قبل ڈرائیونگ لائسنس موجودہ شرح فیس سے بنائے جائیں گے۔ یکم جنوری سے لرنر کی فیس 60 روپے سے بڑھا کر ایک ہزار روپے کردی جائے گی۔ جبکہ ایل ٹی وی، ایچ ٹی وی، پی ایس وی لائسنس فیس کی شرح میں بھی اضافہ ہوگا۔امریکہ، کینیڈا اور دیگر ممالک کے شہری آن لائن 100ڈالر ادا کر کے لائسنس حاصل کرسکیں گے۔ اجلاس میں سرکاری میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے طلبا وطالبات کے لئے ٹرانسفر پالیسی کی منظوری دی گئی جس کے تحت میڈیکل کے طلبہ صرف ہائی گریڈ میرٹ سے لو گریڈ میرٹ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز میں ٹرانسفر ہوسکیں گے۔ پنجاب کابینہ نے چولستان کے بے زمین کاشتکاروں کو سرکاری اراضی ا لاٹ کرنے کے لئے شفاف قرعہ اندازی کی منظوری دی۔ چولستان میں 3لاکھ 44ہزار ایکڑ اراضی بے زمین کاشتکاروں کو دی جائے گی اوربے زمین چولستانی کاشتکار کو ساڑھے 12ایکڑ زمین خصوصی امدادی نرخ پر دی جائے گی۔ جیلوں کے ہسپتالوں کا انتظام محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کے سپردکرنے اور قیدیوں کے لئے ہیلتھ کیئر مینجمنٹ سسٹم‘ نرسنگ کی طالبات کی تعداد دگنی کرنے کے لئے فنڈز کے اجراء اور انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ لاہور کے لئے انتظامی کمیٹی کے قیام‘ ملتان اور بہاولپور کے ریجنل بلڈ سنٹرز کی مینجمنٹ و آپریشن کے لئے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور رجب طیب اردوان ہیلتھ ٹرسٹ کے درمیان معاہدے کی تجدید کی منظوری بھی دی گئی۔ پنجاب میڈیکل اینڈ ہیلتھ انسٹی ٹیوشن ایکٹ 2003 کے تحت چلڈرن ہسپتال فیصل آباد کو اپ گریڈ کرکے میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ ملتان انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیززمیں جنوبی پنجاب کے لئے پی کے ایل آئی ٹو قائم ہوگا۔اجلاس میں لاہور اور بہاولپور کی یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینمل سائنسز کے وائس چانسلرزکی سیلکشن کے لئے سرچ کمیٹی کے قیام اورپبلک پراسیکیوٹر ڈیپارٹمنٹ کے پراسیکیوٹرز کی ایف آئی اے میں ڈیپوٹیشن کی بنیاد پر تعیناتی کے لئے پالیسی فریم ورک کی منظوری دی گئی۔ باغ جناح کی تاریخی اہمیت کے پیش نظر انتظامی امور والڈ سٹی اتھارٹی کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ چنیوٹ کے تاریخی عمر محل کا انتظام بھی والڈ سٹی اتھارٹی کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پنجاب وائلڈ لائف رولز 1974ء کے تحت شوٹنگ لائسنس اور فیس پر نظر ثانی کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں گوجر خان میں یونیورسٹی آف پنجاب کا پوٹھوہار کیمپس قائم کرنے کی منظوری دی گئی۔ محسن نقوی نے میوہسپتال، سروسز ہسپتال اور کالج آف نرسنگ کا دورہ کیا۔ میو ہسپتال کے چلڈرن ایمرجنسی اور مین ایمرجنسی بلاک کے اپ گریڈیشن کے کامو ں پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ چلڈرن ایمرجنسی کے فلورز پر مزدور غائب، کوئی کام نہیں ہورہا تھا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ چلڈرن ایمرجنسی کے فلورز کی اپ گریڈیشن کا کام 3شفٹ میں کیاجائے۔ کالج آف نرسنگ کی انتہائی بری حالت، کمروں میں گنجائش سے زیادہ چارپائیاں، ناکافی رہائشی سہولتیں، دیواریں سیم زدہ، پینٹ خراب، صفائی کی ابتر صورتحال تھی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے خراب صورتحال کا فوری نوٹس لیا اور 43برس بعد کالج آف نرسنگ کو اپ گریڈ کرنے کا اعلان کیا۔ محسن نقوی نے سروسز ہسپتال میں ڈاکٹرز کیفے ٹیریا کو اپ گریڈیشن پروگرام میں شامل نہ کرنے پر ناراضی کا اظہارکیا اور ڈاکٹرز کیفے ٹیریا کو مناسب جگہ پر منتقل کرکے اپ گریڈ کرنے کا حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ایم ایس کے علاوہ تمام انتظامی دفاتر بیسمنٹ منتقل کرنے اور ہسپتال کے عقب میں واقع غیر ضروری تعمیراتی سٹرکچر کو ختم کرنے کا حکم دیا۔ محسن نقوی نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20سیریز جیتنے پر پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ محسن نقوی نے ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لئے ساڑھے 6 کلو میٹر طویل شاہراہ نظریہ پاکستان سگنل فری کوریڈور کا آج افتتاح کر دیا۔ سگنل فری کوریڈور کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔ 7 یو ٹرنز بنا کر شاہراہ نظریہ پاکستان کو سگنل فری کوریڈور بنایا گیا ہے۔ نظریہ پاکستان روڈ پر 2 یوٹرن پہلے بنے تھے۔ 5 نئے پروٹیکٹیڈ یو ٹرنز بنا کر ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کی تعمیر کے دوران ایک بھی درخت نہیں کاٹا گیا۔ منصوبے کے تحت شوکت خانم ہسپتال چوک کو بھی سگنل فری بنایا گیا تھا۔ محسن نقوی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جو بھی وزیراعلیٰ آئے گا انشاء اللہ بہتر کام کرے گا۔ محسن نقوی نے بے نظیربھٹو ہسپتال راولپنڈی کے چلڈرن وارڈ میں آکسیجن کی کمی کے حوالے سے نشر ہونے والی خبرکا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔