اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) مہنگائی سے تنگ عوام پر بجلی بم گرا دیا گیا جبکہ گیس کی قیمتیں بڑھانے کے لئے اوگرا کو بھی درخواست دے دی گئی۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی 3 روپے 8 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بجلی اکتوبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مہنگی کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں 3 روپے 8 پیسے کا اضافہ دسمبر کے بلوں میں وصول کیا جائے گا۔ نیپرا اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ لائف لائن صارفین اور کے الیکٹرک صارفین پر اس اضافے کا اطلاق نہیں ہوگا۔ دوسری جانب سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) نے گیس مزید 137.62فیصد مہنگی کرنے کے لئے اوگرا کو درخواست دے دی گئی ہے۔ سوئی ناردرن کی جانب سے آئل اینڈ گیس ریگورلیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو گیس 1715 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مہنگی کرنے کی درخواست کی گئی ہے، جبکہ قیمت میں اضافہ یکم جولائی 2023 سے مانگا گیا ہے۔ درخواست کے مطابق مالی سال 2023-24 کیلئے181 ارب 51 کروڑ 60 لاکھ روپے کمی کا تخمینہ ہے۔ درخواست2023-24 کی آمدنی ضروریات میں کمی کو پورا کرنے کیلئے دائر کی گئی ہے۔ سوئی ناردرن نے گیس کی قیمت2961 روپے98 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کی درخواست کی ہے جبکہ گیس کی موجودہ قیمت1246 روپے49 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو ہے۔ درخواست میں بقایاجات کی مد میں1209 روپے14 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ مانگا گیا ہے جبکہ روپے کی قدر میں کمی کی مد میں 56 روپے48 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ مانگا گیا ہے۔ اوگرا کی جانب سے سوئی ناردرن کی درخواست پر سماعت11دسمبر کو ہوگی۔