لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم نے آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز کی جانب سے عشائیہ میں شرکت کی۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونیوالی تقریب میں پاکستان ٹیم کے علاوہ پرائم منسٹر الیون کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے دونوں ٹیموں کو خوش آمدید کہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پرائم منسٹر الیون اور پاکستان ٹیم کے درمیان میچ اچھا ہوگا۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز بھی اچھی رہے گی کیونکہ پاکستان ایک کوالٹی ٹیم ہے۔پاکستان ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ پرائم منسٹر الیون کا میچ تاریخی حیثیت رکھتا ہے جو 1951ء سے کھیلا جارہا ہے اور انہیں یہ میچ کھیلنے کی بہت خوشی ہے۔ پرائم منسٹر الیون سخت حریف ہے اور پاکستان ٹیم نہ صرف اس میچ کیلئے بلکہ آسٹریلیا کیخلاف شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے چیلنج کیلئے بھی تیار اور ْپرجوش ہے۔ پاکستان ٹیم دورہ آسٹریلیا کا آغاز آج کینبرا میں پرائم منسٹر الیون کیخلاف واحد چار روزہ پریکٹس میچ سے کریگی جس کی ٹرافی کی تقریب رونمائی ہوئی۔ کپتان شان مسعود اور حریف کپتان نیتھن میک سوینی نے مشترکہ طور پر ٹرافی کی رونمائی کی۔ کپتان شان مسعود نے کہا کہ کپتانی میرے لیے چیلنج ہے اور اس کیلئے میں پْرجوش ہوں۔ ہم یہاں کرکٹ کھیلنے آئے ہیں، ہمیں کسی کا منہ بند نہیں کرنا، ہم اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق کرکٹ کھیلیں گے۔