لاہور( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ ایک شخص شیخ مجیب الرحمن بن کر للکار رہا ہے،جیل میں بیٹھے شخص کو جب جب موقع ملتا ہے وہ ریاستی اداوں پر حملہ آور ہوتا ہے،جنرل (ر)باجوہ ،جنرل (ر)فیض ،جسٹس (ر)آصف سعید کھوسہ اور جسٹس (ر)ثاقب نثار سمیت سب کو بلائیں تاکہ کرتوتوں کا کچا چٹھہ قوم کے سامنے آ سکے ،سہولت کاروں کو سمجھ آ جانی چاہیے تھی یہ ان کے ایجنڈے کونہیں عالمی ایجنڈے کو پورا کرے گا،معیشت کو کمزور کرنے کے ایجنڈے پر عمل کیا گیا تاکہ نو مئی کرنا آسان ہوجائے اور معیشت کو کمزور کیا گیا۔ ماڈل ٹائون میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ ایک شخص دھمکی دے کر شیخ مجیب الرحمن بن رہا ہے، اسے جب موقع ملتا ہے خارجہ ،داخلہ اورپالیسی ساز اداروں پر حملہ آور ہوتا ہے ،اسے پاکستان کے اندر سے سہولت کاری نہ دی گئی تو عالمی ایجنڈا پورا کرنے کیلئے جیل میں سہولت کاری مل رہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ پکی عمر کے شخص کو جیل میں دیسی مرغی چاہیے ،جیل میں آٹھ ڈاکٹر ز ہیں،جم بنا کر دیا گیا وہ کہتا ہے اندر زیادہ آرام سے ہوں کیونکہ عالمی طاقتیں اداروں پر دبائو ڈالے ہوئے ہیں، 9 مئی کو بھولا نہیں ہے دوبارہ نومئی کرنے کی منصوبہ بندی کررہا ہے،کہتا ہے لکھ کر دے سکتا ہوں پھر پی ٹی آئی جیتے گی، اندیشہ ہے عالمی طاقتیں ایک ایجنڈے پر تمہیں سپورٹ کررہی ہے۔