اسلام آباد (خبرنگار) چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی سے پاکستان میں اردن کے سفیر Maen Khreisat اور عراق کے سفیر حامد عباس لفتہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال، غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے کی موجودہ صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی بربریت کی مہذب دنیا کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ چیئرمین سینٹ نے جاری بحران کے خاتمے کے لیے اردن کے شاہ عبداللہ بن حسین کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ اور مغربی کنارے میں انسانی بحران کے بارے میں بین الاقوامی سطح پر آگاہی بڑھانی ہو گی۔ بین الاقوامی قانون کے مطابق مسئلہ فلسطین کا حل نا گزیر ہے۔