ن لیگ پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ،این اے 51،پی پی 7 کے امیدواروں کی بھرپور شرکت

Dec 06, 2023

 کلرسیداں(نامہ نگار)ماڈل ٹاون لاہور میں مسلم لیگ ن پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں راولپنڈی ڈویژن کے دیگر امیدواروں کے ساتھ این اے 51پی پی 7 کے امیدواروں کی بھرپور شرکت۔صدارت میاں نواز شریف نے کی، اس موقع پر صدر مسلم لیگ ن سابق وزیراعظم میاں شہباز شریف، مریم نواز،ایاز صادق،عطا تارڑ و دیگر بھی موجود تھے۔کلرسیداں کی یوسی دوبیرن کلاں کے سابق چیئرمین راجہ ندیم احمد نے کاروائی کا آغاز کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ناظم و چیئرمین منتخب ہو چکے ہیں ہمیشہ مسلم لیگ ن سے وابستہ رہے قومی و صوبائی حلقوں کے لیئے امیدوار ہوں مگر ذیادہ دلچسپی پی پی 7 سے ہے جب ان سے پوچھا گیا کہ قومی اسمبلی کا ٹکٹ کس کو دیا جائے تو ان کا جواب تھا اپ جس کو بہتر سمجھیں دے دیں۔کلرسیداں سے ہی سابق رکن پنجاب اسمبلی محمود شوکت بھٹی نے کہا کہ وہ دوبار مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر منتخب ہو چکے ہیں اگر اس بار انہیں قومی اسمبلی میں موقع دیا جائے تو وہ کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔کلرسیداں کے ہی راجہ طلال خلیل نے کہا کہ کلرسیداں اور کہوٹہ کی آبادی اور ووٹ مری ضلع کی آبادی اور ووٹوں سے خاصی زیادہ ہے۔ جنوری میں الیکشن کی صورت میں برفباری کی وجہ سے مری میں ووٹ بھی کم پڑیں گے انہوں نے کلرسیداں کے چار میں سے کسی ایک امیدوار کی نامزدگی کا پرزور مطالبہ کیا۔شیخ وسیم اکرم نے کہا وہ مسلم لیگ ن فرانس کے سینئر نائب صدر ہیں ان کا خاندان کلر کا چیرمین،ناظم و ضلع کونسل کے رکن بھی رھا۔ ان کے چچا سابق چییرمین بلدیہ شیخ عبدالقدوس نے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کے جلسہ کے اسٹیج پر جان دے دی۔کلرسیداں کے ہی چوہدری صداقت حسین نے کہا کہ وہ ہمیشہ نہ صرف خود مسلم لیگ ن سے وابستہ رہے چیئرمین یوسی بھی رہے اور ہر الیکشن میں تحصیل بھر میں مسلم لیگ ن کو سب سے زیادہ برتری سے کامیابی دلوائی۔ راجہ محمد علی کے ذریعے بڑے ترقیاتی کام بھی کروائے۔جس پر میاں نواز شریف نے ان سے استفسار کیا کہ وہ اپنے لیئے ٹکٹ کے خواہاں ہیں یا راجہ محمد علی کی نامزدگی چاہتے ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ وہ خود پی پی 7 سے امیدوار ہیں اگر راجہ محمد علی کو نامزد کیا جاتا ہے تو بھی انہیں خوشی ہو گی وہ میرے بھائی ہیں۔اس موقع پر میاں نوازشریف اور میاں شہباز شریف دونوں نے چوہدری صداقت حسین کی مونچھوں کی بڑی تعریف کی۔سابق رکن اسمبلی راجہ محمد علی کا کہنا تھا کہ وہ اور ان کے والد راجہ محمد ظفرالحق ہمیشہ مسلم لیگ ن کے ساتھ رہے پہلے بھی انتخاب میں کامیابی حاصل کی تھی اب بھی کر سکتا ہوں۔سابق رکن اسمبلی راجہ صغیر احمد کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ مسلم لیگ ن کے ساتھ رہے 2018 میں آزاد حیثیت میں کامیابی حاصل کی مشکل وقت میں مسلم لیگ ن کا ساتھ دیا آج بھی ن کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کر سکتا ہوں۔راجہ بلال یامین نے کہا کہ وہ قومی اسمبلی کے ٹکٹ کے خواہاں ہیں مگر چاہتے ہیں کہ پی پی 6 میں اسامہ سرور اور پی پی 7 سے راجہ صغیر احمد کو نامزد کیا جائے۔اس موقع پر میاں شہباز شریف نے استفسار کیا کہ میں نے کبھی آپ کو مری نہیں دیکھا جس پر انہیں بتایا گیا کہ میرا تعلق کہوٹہ سے ہے اس موقع پر عطا تارڑ نے تصدیق کی کہ بلال یامین تمام مواقع پر بھرپور شریک رہے۔مسلم لیگ کہوٹہ کے صدر و امیدوار حلقہ پی پی 7ڈاکٹر محمد عارف قریشی سے میاں نواز شریف نے کہا کہ آپ تجویز کریں کہ حلقہ این اے 51میں کس کو ٹکٹ دیا جائے تو ڈاکٹر محمد عارف قریشی نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کی عدم دستیابی کے بعد آپ خود وہاں سے الیکشن لڑیں جس پر میاں صاحب نے انہیں شکریہ ڈاکٹر صاحب کہا۔کوٹلی ستیاں سے شاہد ریاض ستی نے کہا کہ وہ رکن پنجاب اسمبلی رہے اس بار قومی اسمبلی کے امیدوار ہیں جس پر شہباز شریف نے لقمہ دیا کہ آپ بہت ٹائم ناغے پر بھی رہے۔مری سے حافظ عثمان عباسی کا کہنا تھا کہ وہ 1985 سے مسلم لیگ ن کے ساتھ ہیں آج بھی مسلم لیگ ن کے صوبائی نائب صدر ہیں ۔محسن اختر عباسی کا کہنا تھا کہ انہوں نے مسلم لیگ ن کے لیئے قید و بند کی صوبتیں برداشت کی ہیں۔

مزیدخبریں