ساﺅتھ ایشین گیمز....پاکستان وائٹ ہاکی ٹیم نے سری لنکا کو ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا

لاہور (سپورٹس رپورٹر) 11ویں ساوتھ ایشین گیمز ہاکی کے ایونٹ میں پاکستان وائٹ ٹیم نے سری لنکا کو صفر کے مقابلے 2 گول سے شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ پاکستان کا فائنل میں روایتی حریف بھارت سے کل مقابلہ ہو گا۔ پاکستان کی طرف سے محسن بلال اور سبطین رضا نے ایک ایک گول کیا۔ میچ کے پہلے ہاف تک مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر تھا۔ دونوں گول کھیل کے دوسرے ہاف میں ہوئے۔ میچ کے اختتام پر عامر شہزاد کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دریں اثناء سا¶تھ ایشین گیمز میں پاکستان ہینڈ بال ٹیم نے فائنل میں جگہ بنا لی، پچاس میٹر پسٹل شوٹنگ کے انفرادی ایونٹ میں پاکستان کے کلیم اللہ خان نے کانسی کا تمغہ جیتا جبکہ ٹیم ایونٹ میں قومی ٹیم نے سلور میڈل حاصل کیا۔ بیڈمنٹن کے سنگلز ایونٹ میں پاکستان کےاحسن قمر نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ ادھر تین پاکستانی باکسرز محمد وسیم ، نادر بلوچ اور عامر خان نے سیمی فائنل مرحلہ کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے فٹبال کے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش نے بھارت کو جبکہ کرکٹ کے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 52رنز سے ہرایا۔اس وقت بھارت40 گولڈ 17 سلور اور10 کانسی کے تمغوں کے ساتھ پہلی، جبکہ پاکستان 6 گولڈ 16 سلور اور9 کانسی کے تمغوں کے ساتھ دوسری پوزیشن جبکہ بنگلہ دیش مجموعی34تمغوں کے ساتھ تیسری پوزیشن لئے ہوئے ہے۔

ای پیپر دی نیشن