پاک بھارت سیکریٹریزخارجہ کی ملاقات آج بھوٹان کے شہر تھمپومیں ہورہی ہے، نروپما راؤ کا کہنا ہے کہ پاکستان کےساتھ مذاکراتی عمل آج بحال ہوجائےگا۔

بھوٹان کے دارالحکومت تھمپو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستانی ہم منصب سلمان بشیر سے کھلے دل سے مذاکرات کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملاقات میں تمام متنازعہ امور پر بات کی جائے گی اور ممبئی حملوں کے بعد تعطل کا شکار مذاکراتی عمل بحال ہوجائے گا۔ نروپما راؤ کا کہنا تھا کہ سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس دہشتگردی تھی جس کے ٹھوس ثبوت آنے کے بعد پاکستان کو آگاہ کریں گے۔ پاک بھارت سیکریٹری خارجہ کی ملاقات آج سیکریٹری خارجہ اجلاس میں ہوگی۔ دوروزہ اجلاس میں ویزے کے اجراء میں سہولیات اور دہشتگردی کےخلاف جنگ، معیشت اور سکیورٹی کے حوالے سے تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ سیکریٹری خارجہ اجلاس میں تمام معاملات پر حتمی رپورٹ تیار کی جائے گی جو آٹھ اور نو فروری کو وزراء کونسل میں زیر بحث آئے گی۔

ای پیپر دی نیشن