ملتان (نوائے وقت نیوز/ ثنا نیوز) سابق وزیراعظم اور پیپلزپارٹی کے رہنماءیوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب صوبہ ہماری پارٹی کے منشور میں شامل ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے مسلم لیگ (ن) کی دو صوبوں کی بات مان لی تو پھر کہا جائیگا ہزارہ صوبہ بھی بناﺅ۔ اگر ہزارہ بھی بنانے کے اقدامات کرینگے تو کہا جائیگا کہ کسی اور جگہ صوبہ بناﺅ۔ پیپلز پارٹی کسی ٹیکنوکریٹ حکومت کو قبول نہیں کریگی۔ ہم کشمیریوں کی جدوجہد کےساتھ ہیں۔ پوری کوشش ہے کہ پنجاب میں نیا صوبہ الیکشن سے پہلے بن جائے۔ مسلم لیگ (ن) نہیں چاہتی کہ پنجاب میں نیا صوبہ بنایا جائے۔ مسلم لیگ (ن) کے احتجاج میں کتنے لوگ تھے، سب نے دیکھا۔ آج اگر اعلان کردوں تو لاکھوں کا مجمع لگا سکتا ہوں۔ ثناءنیوز کے مطابق گیلانی نے کہا ہے کہ شہبازشریف نگران سیٹ کی کنجیاں سنبھالنے کی بجائے ملک کی بات کریں، ہمارے ساتھ مل کر چلیں ایسا نہ ہو کہ جیب کٹ جائے اور حکومت کوئی اور بنا ڈالے۔ پیپلزپارٹی کے قائدین شعبدہ باز نہیں ورنہ جنوبی پنجاب صوبے کی مخالفت میں منی مظاہرے اور ریلیاں نکالنے والوں کو منہ توڑ جواب دیں۔ میں سپریم کورٹ استقبال کرانے کیلئے نہیں گیا تھا اگر کسی کو شوق ہے تو وہ اگلی پیشی پر آ جائے۔
شہباز نگران سیٹ اپ کی کنجیاں سنبھالنے کی بجائے ملک کی بات کریں: گیلانی
Feb 06, 2013