کوئٹہ (ثناءنیوز)پاکستان کی طرف سے گوادر پورٹ کی انتظامی ذمہ داری سنگاپور سے لے کر چینی کمپنی اوورسیز پورٹ ہولڈنگ لمیٹڈ کو منتقلی کا عمل شروع ہوگےا ہے ۔ اس طرح اب گوادر بندرگاہ کی تعمیر کی لاگت کا 75 فیصد چین ادا کرے گا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق پاکستان نے 7ستمبر 1958 کو خلیجی ریاست اومان سے گوادرکا علاقہ خریدا تھا جسے یکم جولائی 1977میں صوبہ بلوچستان میں ضم کر دیا گیا ۔ گوادر بندرگاہ کی تعمیر کے لئے پاکستان اور چین کے درمیان بیجنگ میں 16مارچ 2002 کو ایک معاہدے پر دستخط کئے گئے تھے۔ حال ہی میں وفاقی کابینہ نے گوادر بندرگاہ چلانے کی انتظامی ذمہ داری سنگاپور کی کمپنی سے لے کر چینی کمپنی اوورسیز پورٹ ہولڈنگ لمیٹڈ کو منتقل کرنے کی منظوری دی تھی۔اقتصادی امور کے ممتاز تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد حسن صدیقی کا کہنا ہے کہ گوادر پورٹ پر اگر ملک کے موجودہ حالات اثرانداز نہ ہوں تو اس سے ملک کی اقتصادی حالت میں نمایاں بہتری واقع ہو سکتی ہے ۔