کراچی (آئی اےن پی) دو ہزار بارہ کے تین سو پینسٹھ دن میں کراچی کے تجارتی مراکز اور صنعتیں سو سے زائد دن بند رہیں۔ جس سے معیشت کو اربوں روپے نقصان کا برداشت کرنا پڑا۔ سال دو ہزار بارہ پاکستان اور خصوصی طور پر کراچی کی معاشی اور اقتصادی سرگرمیوں کیلئے بھاری سال ثابت ہوا۔ ملک کا معاشی حب عرصہ دزار سے لسانی و فرقہ ورانہ فسادات، دہشت گردی اور توانائی بحران جیسے مصائب کا شکار ہے۔ کراچی کی اقتصادی و معاشی سرگرمیاں آئے دن کے یوم سوگ اورغیر اعلانیہ تعطیل سے بری طرح متاثر ہورہی ہیں۔ سال بھر میں تریپن ہفتہ وار تعطیلات کے علاوہ، تیرہ مذہبی تعطیلات، سات دیگر سرکاری تعطیلات، چودہ ہڑتالوں، دس دن کی ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال اور بقیہ حکومت سندھ کی تعطیلات نے شہر کی معاشی ترقی کوسالوں پیچھے دھکیل دیا ہے۔