اسلام آباد(این این آئی)ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے 2013ءکی نئی پالیسی کا مسودہ تیار کرلیا گیا ہے۔ پالیسی کی منظور ی کے بعد غیر ملکیوں کے لئے پاکستان میں کم از کم سرمایہ کاری کی شرط ختم ہو جائے گی۔ذرائع کے مطابق بورڈ آف انوسٹمنٹ نے سرمایہ کاری پالیسی برائے 2013ءکا مسودہ تیار کرلیا ہے اور اس کی وزیر اعظم سے منظوری ہونا باقی ہے۔ ڈرافٹ کے تحت خدمات، زراعت اور سماجی شعبوں میں کم از کم بیرونی سرمایہ کاری کی شرط ختم ہوجائے گی۔ فی الحال خدمات میں 1لاکھ 50 ہزار ڈالر اور زراعت اور سماجی شعبوں میں 3لاکھ ڈالر کی کم از کم سرمایہ کاری لازمی ہے۔ اسکے علاوہ 66 ممالک کے سرمایہ کار پاکستان کا 5 سال کا ملٹی پل اینٹری ویزہ حاصل کرسکیں گے۔ پاکستانی سفارتخانے یہ ویزہ ایک دن میں جاری کریں گے۔ نئی ڈرافٹ پالیسی ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ اور زرمبادلہ ذخائر میں اضافے کیلئے بنائی گئی ہے۔