گیس پائپ لائن منصوبہ، ایران کے رویئے میں نرمی، پاکستان سنجیدگی دکھائے: تہران

اسلام آباد (احمد احمدانی/ دی نیشن رپورٹ) ایران نے پاکستان سے گیس پائپ لائن منصوبے کو مکمل کرنے پر لچک اور نرم رویہ اختیار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اسلام آباد بھی معاملے پر سنجیدگی اپنائے۔ ایرانی حکام کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ پاکستان منصوبے پر سنجیدگی سے غور کرے اور باتوں کے بجائے عملی طور پر بھی مظاہرہ کرے۔ ذرائع نے دی نیشن کو بتایا کہ ایران نے گیس منصوبے کو مکمل کرنے پر دوبارہ دلچسپی ظاہر کی ہے اور ڈیڈ لائن میں توسیع کرنے پر بھی آمادگی کا اظہار کیا ہے۔ دونوں ممالک کے مابین منصوبے کے حوالے سے گزشتہ یادداشتوں میں پاکستان نے معاہدے پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تعمیراتی منصوبے پر عملدرآمد بھی شروع کردیا تھا۔ اس کے علاوہ ایران نے بھی معاہدے پر جلد عملدرآمد اور بروقت تکمیل کیلئے مثبت کردار ادا کیا تھا اور ڈیڈ لائن کے مطابق منصوبہ مکمل نہ کرنے پر عائد جرمانے ختم کرنے پر بھی رضامندی ظاہر کی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ معاہدے میں ترامیم کیلئے ایرانی وفد جلد پاکستان کا دورہ کریگا اور گیس پائپ لائن منصوبے کی ڈیڈ لائن میں توسیع کرنے اور جرمانہ ختم کرنے سمیت دیگر پہلوئوں پر غور کیا جائیگا۔ ذرائع نے مزید کہا کہ ایران پر پابندیوں کی وجہ سے پاکستان بھی متاثر ہوا ہے۔ پائپ لائن منصوبے کی تکمیل کیلئے تین فروری کو اسلام آباد اور تہران کے مابین نیا فریم ورک طے ہوا ہے۔ پاکستان کی جانب سے ایرانی حکام کو ہر طریقے سے منصوبے پر عملدرآمد کیلئے بھرپور کوششیں کی گئی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن