لیس نے طالب علم رہنما کو لٹیرا قرار دیکر جعلی مقابلے میں مار ڈالا، ڈی ایس پی کا اعتراف
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی پولیس نے طالب علم رہنما کو جرائم پیشہ شخص قرار دیکر جعلی مقابلے میں مار ڈالا۔ ڈی ایس پی سہراب گوٹھ نے اعتراف کر لیا۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق ڈی ایس پی خالد شاہ نے بتایا کہ 3 روز پہلے شاہ عالم اپنے ساتھی کے ساتھ لوٹ مار کر رہا تھا، مقابلے کیلئے نفری ہم نے فراہم کی جبکہ اس سے مقابلہ سچل تھانے کی پولیس نے کیا، اسکے قتل پر ہم شرمندہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماورائے عدالت اس قتل کی تحقیقات کرتے ہوئے ایس ایچ او سہراب گوٹھ کو معطل کر دیا گیا ہے۔ دریں اثناء پختون سٹوڈنٹس فیڈریشن کراچی کے صدر رضا جدون نے اس قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹارگٹڈ آپریشن کے ماتھے پر بدنما داغ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ عالم پی ایس ایف ضلع شرقی کے صدر تھے، انکے ماورائے عدالت قتل کیخلاف آج ہم پولیس ہیڈکوارٹرز کے سامنے احتجاج کرینگے۔