لاہور (پ ر) ق لیگ کے سینئر مرکزی رہنما چودھری پرویزالہی سے دربارعالیہ سخی سلطان باہو کے صاحبزادہ ندیم سلطان نے ملاقات کی اور ق لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ چودھری پرویزالہی نے صاحبزادہ ندیم سلطان کو ق لیگ پنجاب کے علما مشائخ ونگ کا صدر مقرر کر دیا۔ انہوں نے چودھری شجاعت کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ق لیگ نے ہمیشہ علما کرام اور مشائخ عظام کے کردار کو سرہا۔ ملکی حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ مذہب کے نام پر تفریق کو ختم کیا جائے۔ چودھری پرویزالہی نے صاحبزادہ ندیم سلطان کی شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا علما کو نہایت عزت احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ تحریک پاکستان میں انہوں نے نہایت موثر اور اہم کردار ادا کیا ملکی صورتحال کے پیش نظر علما اور مشائخ کو آج بھی وطن عزیز کی سلامتی یکجہتی اور ترقی کے لئے تحریک پاکستان والا رول ادا کرنا چاہئے۔