لاہور(سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام پریذیڈنٹ سلور کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کے ٹرائینگولر مرحلے کے دوسرے میچ میں فیصل آباد ولفز نے حیدر آباد ہاکس کو تین وکٹوں سے ہرا دیا۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں میچ میں فیصل آباد ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر حیدر آباد کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔ حیدر آباد کی پوری ٹیم 252 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ لعل کمار نے ناقابل شکست 71 رنز بنائے۔ دیگر کھلاڑیوں میں فیصل اطہر نے 46، محمد صدام نے 46 اور میر علی نے 27 سکور کئے۔ فیصل آباد ولفز کی جانب سے باؤلنگ میں فہیم اشرف نے تین، نصیر اکرم نے دو جبکہ سعادت علی، جہانداد اور عمران علی جونیئر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ فیصل آباد ولفز نے ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر 49.4 اوورز میں پورا کر کے تین وکٹوں سے میچ جیت لیا۔ فہیم اشرف نے 71، حسن محمود نے 68 اور جہانداد نے 27 رنز سکور کیے۔ ٹرائینگولر مرحلے کا تیسرا میچ آج فیصل آباد اور واپڈا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا۔