لاہور( سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ نے انجری اور فٹنس مسائل کے باعث ورلڈ کپ سکواڈ سے باہر ہونے والے فاسٹ باؤلر جنید خان کی جگہ راحت علی کو پاکستان ٹیم کے 15 رکنی سکواڈ میں شامل کر لیا۔ آئی سی سی ٹیکنیکل کمیٹی نے ان کے نام کی منظوری بھی دیدی۔ پی سی بی کے ترجمان کے مطابق چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے چیف سلیکٹر معین خان کی سفارش پر راحت علی خان کو ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ راحت علی کا نام ورلڈکپ کے ابتدائی 30 کھلاڑیوں کی فہرست میں بھی نہیں تھا۔ علاوہ ازیں ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی پاکستان ٹیم میں مزید تبدیلیوں کا امکان ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ سمیت ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کھلاڑی کے فٹنس مسائل کی وجہ سے شدید پریشان ہے۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹی کو وطن واپسی کا پروانہ مل گیا جبکہ احسان عادل کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ انہیں بھی پاکستان واپس بھجوا کر ان کی جگہ کسی تجربہ کار باولر کی قومی ٹیم کے لئے خدمات حاصل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ سہیل تنویر اور محمد سمیع کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے جبکہ سعید اجمل کا باؤلنگ ایکشن کلیئر ہونے کی صورت میں انہیں بھی زیر غور لایا جا سکتا ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سعید اجمل اپنے نجی چینل کے ساتھ ہونے والے اچھے معاہدے کی وجہ سے ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی نمائندگی کرنے کے خواہاں نہیں۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ فاسٹ باولر محمد طلحہ کی متوقع کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق جنید خان کے ان فٹ ہونے پر ٹیم انتظامیہ نے سہیل تنویر کو طلب کیا تاہم چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے راحت علی کا نام منتخب کر لیا۔