لاہور(سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس) خواتین کی پہلی اور مردوں کی 15 ویں قومی پاور لفٹنگ چیمپئن شپ آج سے شروع ہوگی۔ تین روزہ قومی پاور لفٹنگ مقابلے پنجاب یونیورسٹی ویٹ اینڈ پاور لفٹنگ سنٹر چوبرجی لاہور ہونگے۔ پاکستان پاور لفٹنگ فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری محمد راشد ملک کے مطابق خواتین کی پہلی قومی پاور لفٹنگ چیمپئن شپ آج 6 فروری کو انٹرنیشنل پاور لفٹنگ فیدریشن کے قوانین کے تحت سات کیٹگریز میں ہونگے۔ جن میں 47 کلو گرام ،52 کلو گرام ،57 کلو گرام ، 63کلوگرام ، 72 کلو گرام ،84 کلو گرام اور 84 کلو گرام سے زائد وزن کے مقابلے شامل ہیں۔مردوں کی 15 ویں قومی پاور لفٹنگ کے مقابلے انٹرنیشنل پاور لفٹنگ فیڈریشن (IPF) کے قوانین کے تحت آٹھ باڈی ویٹ کلاسز میں ہونگے جو کہ 59 کلو گرام، 66 کلو گرام ،74 کلو گرام ،83 کلو گرام ،93 کلوگرام ،105 کلو گرام، 120 کلو گرام اور 120 سے زائد وزن کے کھلاڑی ہونگے۔ واپڈا کی ٹیم مردوں کے مقابلے میں اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔ ملک بھر سے تمام نامور قومی و بین الاقوامی شہرت یافتہ تمام پاور لفٹرز حصہ لے رہے ہیں ۔ جن میں ایشاء کے ہیوی ویٹ میں سکاٹ لینڈ میں 375 کلو گرام وزن اٹھا کر ریکارڈ قائم کرنے والے واپڈا کے رضوان اللہ خان لودھی،2014 ایشیاء اور اوشیانا مین 105 کلو گرام کلاس میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے سندھ کے اطہر بٹ اور حال ہی میں قطر (دوحہ) میں ایشین یوتھ ویٹ لفٹنگ میں3 گولڈ میڈل حاصل کرنے والے محمد نوح دستگیر بٹ شامل ہیں۔ تین روزہ مقابلوں میںخواتین اور مردوں کی واپڈا ، ریلوے ، سندھ ، اسلام آباد، KPK ، فاٹا ، بلوچستان ، آزاد کشمیر اور پنجاب کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں ۔ مردوں میں واپڈا کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔