تحریک انصاف کا آج کا احتجاج مایوسی یا نئی سیاسی تحریک کی تیاری

Feb 06, 2016

اسلام آباد (عمران مختار / دی نیشن رپورٹ) تحریک انصاف کی طرف سے آج ملک کے مختلف حصوں میں پٹرولیم مصنوعات پر زائد ٹیکس، گیس، بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے احتجاج نے سوال کھڑا کردیا ہے۔ کیا آج کا احتجاج مایوسی کے باعث ہے یا تحریک انصاف ایک اور سیاسی تحریک کی تیاری کر رہی ہے، کیونکہ دھاندلی کا ایشو ریزہ ریزہ ہوچکا ہے۔ آج کے احتجاج سے ایک بات واضح ہے کہ تحریک انصاف کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں۔ پی ٹی آئی کے بعض سینئر رہنمائوں نے اعتراف کیا ہے کہ تحریک انصاف اندرون خانہ دبائو میں ہے۔ وفاقی حکومت پر پریشر رکھا جائے، ہم بطور حقیقی اپوزیشن پارٹی اپنا کردار پارلیمنٹ کے اندر اور باہر زندہ رکھنا چاہتے ہیں۔ حالیہ اجلاس میں سینئر لیڈر شپ نے یہ فیصلہ کیا تھا کہ یہ وقت حکومت کو مشکل میں ڈالنے کیلئے سب سے بہتر ہے۔ عمران خان کے قریبی ساتھی سیف اللہ خان نیازی نے کہا اگر حکومت اپنی موجودہ پوزیشن سے باہر نہ آئی تو اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ ہمارا حکومت کیخلاف فی الحال کوئی اپوزیشن الائنس بنانے کا منصوبہ نہیں لیکن کوئی بھی اپوزیشن جماعت ہمیں جوائن کرسکتی ہے۔

مزیدخبریں