لاہور (آئی این پی) ق لیگ کے صدر اور سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ضیاء الحق اور پرویز مشرف چاہتے تو کالا باغ ڈیم بنا دیتے مگر کالا باغ ڈیم سیاست کی نذر ہو چکا ہے‘ پاکستان کی سیاست میں منافقت عروج پر ہے الیکشن میں کھل کر دھاندلی ہوتی ہے‘ رواں سال کسی بھی وقت الیکشن ہو سکتے ہیں۔ گزشتہ روز اپنے ایک انٹرویو کے دوران شجاعت حسین نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیاں عوام دوست نہیں ہیں‘ یہ کیسی جمہوریت ہے کہ سانحہ ماڈل ٹائون کی ایف آئی آر کے لئے چیف آف آرمی سٹاف کو کہنا پڑے؟ پاکستان کے سیاستدانوں میں مسائل حل کرنے کی اہلیت تو ہے لیکن انکی توجہ کسی اور طرف ہے۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کا ملک کی موجودہ صورتحال میں کردار نہایت اہم اور مثبت ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ حتمی نتیجے تک پہنچے گی تاہم کرپشن کے خلاف اقدامات کس حد تک کامیاب ہوتے اس بارے میں تحفظات ہیں۔